کامیابی کے دس سال‘ تحریک دعوتِ فقر نے یومِ تاسیس نہایت جوش و خروش سے منایا

Spread the love

کامیابی کے دس سال‘ تحریک دعوتِ فقر نے یومِ تاسیس نہایت جوش و خروش سے منایا

لاہور (نمائندہ خصوصی) 23 اکتوبر 2019 بروز بدھ خانقاہ سروری قادری میں تحریک دعوتِ فقر کا دسواں یومِ تاسیس منایا گیا۔ تحریک دعوتِ فقر کی بنیاد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے 23 اکتوبر 2009ء میں رکھی تھی۔ تحریک دعوتِ فقر کے قیام کا مقصد اسمِ اعظم کی دعوت اور تعلیماتِ فقر کو منظم طور پر دنیا بھر میں عام کرنا ہے۔ تحریک دعوتِ فقر کے قیام کو دس سال گزر چکے ہیں۔ ان دس سالوں میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی قیادت میں تحریک دعوتِ فقر کو وہ عروج حاصل ہوا جو شاید ہی کسی جماعت کو حاصل ہوا ہو۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی سرپرستی میں کام کرنے والے شعبہ جات نے فقر اور اسم ِ اعظم کا پیغام دنیا بھر میں عام کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی۔ تحریک دعوتِ فقر پاکستان نے 23 اکتوبر بروز بدھ مرکزی دفتر تحریک دعوتِ فقر لاہور میں کامیابی کے دس سال کی خوشی میں یومِ تاسیس منایا۔ اس سلسلے میں انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر نے ایک محفل کا انعقاد کیا۔
یومِ تاسیس کی خوشی میں ملک بھر سے مریدین اور عقیدتمند صبح سے ہی خانقاہ میں پہنچنا شروع ہو گئے۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی آمد سے قبل طالبانِ مولیٰ قطار در قطار پلکیں بچھائے منتظر کھڑے تھے۔ آپ مدظلہ الاقدس دوپہر ایک بجے مرکزی دفتر تحریک دعوتِ فقر و خانقاہ سروری قادری میں تشریف لائے جہاں آپ مدظلہ الاقدس کا پُرجوش استقبال کیا گیا۔ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب بھی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے ہمراہ تھے۔ آپ مدظلہ الاقدس کی آمد کے فوراً بعد نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی جس کے بعد یومِ تاسیس کی خوشی میں رکھی گئی محفل کا آغاز کیا گیا۔
منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے نقابت کے فرائض انجام دیئے اور تحریک دعوتِ فقر کے قیام اور یومِ تاسیس کے حوالے سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے تلاوتِ کلامِ پاک کے لیے مولانا محمد اسلم سروری قادری کو دعوت دی جنہوں نے سورۃ آلِ عمران کی آیات 104 تا 107 ترجمہ کے ساتھ تلاوت فرمائیں۔
تلاوتِ قرآن مجید کے بعد نعت شریف کا نذرانہ ٔ عقیدت محسن رضا  سلطانی نے اپنی خوبصورت آواز میں ادا کیا۔ جس کے بعد محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے پروفیسر حافظ حماد الرحمن سروری قادری کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی تاکہ وہ حاضرین کو تحریک دعوتِ فقر کے قیام کے مقاصد اور گزشتہ دس سالوں میں تحریک دعوتِ فقر کی کارکردگی اور کامیابی کے متعلق آگاہ کریں۔ پروفیسر حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے بہت ہی جامع اور خوبصورت انداز میں اپنی تقریر کا آغاز کیا اور بتایا کہ فرقہ پرستی اور گمراہی کے اس دور میں دین ِ حق سے آگاہی کے لیے، صراطِ مستقیم کی تلاش کے لیے، حق و باطل میں فرق کے لیے، معرفت ِ حق تعالیٰ کے لیے، تزکیہ نفس‘ تصفیہ قلب اور تجلیہ روح کے لیے، مرتبہ احسان تک رسائی کے لیے، خواہشاتِ نفس و دنیا سے نجات کے لیے، شیطانی وساوس‘ مادی نظریات اور غلبہ ٔ شہوات سے خلاصی کے لیے، دنیاوی الجھنوں‘ پریشانیوں اور مسائل سے چھٹکارہ کے لیے، روحانی بیماریوں لالچ‘ طمع‘ ہوس، غرور و تکبر‘ جھوٹ‘ فریب‘ مکر‘ حسد‘ریاکاری‘ بغض‘ کینہ وغیرہ سے نجات کے لیے، مایوسی اور گناہوں سے بچنے کے لیے، ظلمت و تاریکی سے نجات کے لیے، حب ِ دنیا اور گمراہی سے نجات کے لیے آج کے دور میں اگر کوئی واحد راستہ ہے تو وہ ہے ’’تحریک دعوتِ فقر‘‘۔ اس کے بعد پروفیسر حافظ حماد الرحمن نے اپنی تقریر میں تحریک دعوتِ فقر کے تمام شعبہ جات کا نہ صرف تعارف کروایا بلکہ ان کی  کامیابیوں کے بارے میں بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔ آخر میں انہوں نے عوام الناس کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تحریک دعوتِ فقر کے جھنڈے تلے جمع ہوں اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دامن سے وابستہ ہو کر معرفتِ الٰہی حاصل کریں اور فلاح و کامیابی حاصل کریں۔
تقریر کے بعد ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے عطاء الوھاب سروری قادری کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی جنہوں نے تحریک دعوتِ فقر کی شان میں لکھا اپنا کلام حاضرین کی سماعتوں کی نذر کیا۔
آخر میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے یومِ تاسیس کے حوالے سے تحریک دعوتِ فقر کے جھنڈے کی صورت میں سپیشل طور پر تیار کردہ کیک کاٹا اور منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر ملک محمد نعیم عباس کھوکھر نے آپ مدظلہ الاقدس کا منہ میٹھا کروایا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب اور ملک محمد نعیم عباس کھوکھر صاحب کو کیک کھلایا۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو اپنے دستِ اقدس پر بیعت فرمایا اور اسمِ اللہ ذات عطا فرماتے ہوئے ہدایت کی کہ اللہ کی معرفت اور قرب کے لیے ذکر و تصور اسم اللہ ذات کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں اس لیے کثرت کے ساتھ ذکر و تصور اسم اللہ ذات کریں۔ آخر میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے ملک کے طول و عرض سے آئے مریدین سے ملاقات فرمائی اور خانقاہ سروری قادری سے رخصت ہوئے۔ محفل کے اختتام پر تمام مریدین اور عقیدتمندوں کی بہترین لنگر سے تواضع کی گئی۔

Click to rate this post!
[Total: 0 Average: 0]

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں