عرس سلطان باھو – 2020
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیر ِ صدارت
عرس حضرت سخی سلطان باھُوؒ کی محفل کا انعقاد‘ ملک بھر سے عقیدتمندوں کی شرکت
(پریس ریلیز۔لاہور) سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ سلسلہ سروری قادری کے معروف بزرگ ہیں جنہوں نے پہلی مرتبہ اپنی تعلیمات میں اسم ِ اللہ ذات کے فیوض و برکات کو نہ صرف بیان کیا بلکہ اس فیض کو ہر خاص و عام کے لیے کھول دیا۔آپ رحمتہ اللہ علیہ کا عرس مبارک جمادی الثانی کی پہلی جمعرات کو منعقد ہوتا ہے جس میں نہ صرف ملک کے طول و عرض سے بلکہ دنیا بھر سے عقیدتمند شرکت کے لیے مزار مبارک پر تشریف لاتے ہیں۔
سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ہر سال خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کے عرس مبارک کی محفل کا اہتمام فرماتے ہیں۔ حسب ِ روایت 5 جمادی الثانی 1441ھ بمطابق30 جنوری 2020بروز جمعرات خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی صدارت میں ایک روحانی محفل منعقد کی گئی جس میں ملک بھر سے مریدین اور عقیدتمندوں نے جوش و خروش سے شرکت کی۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نمازِ ظہر سے قبل خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں تشریف لائے جہاں مریدین نے ’امامِ مبین سلطان العاشقین‘ کے نعروں کی گونج میں آپ مدظلہ الاقدس کا والہانہ استقبال کیا۔ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب آپ مدظلہ الاقدس کے ہمراہ تھے۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی آمد پر نمازِ ظہر ادا کی گئی جس کے بعد عرس سلطان باھُوؒ کی تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ تحریک دعوتِ فقر کے منتظم ِ اعلیٰ ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے نقابت کے فرائض انجام دئیے۔
تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت مولانا محمد اسلم سروری قادری نے حاصل کی۔
بارگاہِ رسالت میں نعت شریف کا گلدستہ محسن رضا سلطانی نے پیش کیا اور خوب داد وصول کی۔
عطا الوھاب سروری قادری نے حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کی بارگاہ میں منقبت کا نذرانہ پیش کی۔
منقبت کے بعد محمد نعیم عباس کھوکھر صاحب نے تقریر کے لیے محمد فاروق ضیا سروری قادری کو سٹیج پر دعوت دی جنہوں نے حاضرین کو بتایا کہ موجودہ دور میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی قائم کردہ تحریک دعوتِ فقر ہی حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کے سلسلہ اور تعلیمات کی واحد ترجمان جماعت ہے۔
تقریر کے بعد محمد رمضان باھُو نے ابیاتِ باھُو پیش کیے۔
مولانا محمد اسلم نے ختم شریف کی سعادت حاصل کی اور محمد فاروق ضیا نے دعا کروائی۔
آخر میں محسن رضا سلطانی نے درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ اختتامی دعا مولانا محمد اسلم نے کروائی۔
دعا کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام مریدین اور عقیدتمندوں سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور پھر خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرما کر ذکر و تصور اسم اللہ ذات عطا فرمایا اور محفل سے رخصت ہوئے۔
محفل کے بعد مریدین اور عقیدتمندوں نے عرس سلطان باھُو کے سلسلے میں خصوصی طور پر تیار کردہ لنگر تناول کیا۔