ہم آپ کو تحریک دعوتِ فقر (Tehreek Dawat e Faqr) کی ویب سائٹ پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔ یہ سائٹ دنیا بھر میں فقر کی تعلیمات کی واحد ترجمان ہے۔ فقر ہمارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا اصل باطنی ورثہ اور دینِ اسلام کی روح ہے۔
مسلمانوں کے اللہ تعالیٰ سے مضبوط روحانی تعلق کو پھر سے استوار کرنا ہماری جدوجہد کا بنیادی مقصد ہے۔ اس روحانی تعلق کی کمزوری کی بنا پر ہی آج مسلمان خیر الامم ہونے کے باوجود انتہائی پست ترین دور سے گزر رہے ہیں۔ ہم فقر کی تعلیمات کے ذریعے مسلمانوں کی توجہ روح سے خالی محض ظاہری بدنی اور دکھاوے کی عبادات سے ہٹا کر انکی روحانی پاکیزگی کی طرف مبذول کرانا چاہتے ہیں جس کے بعد ہی ظاہری عبادات قبولیت کے لائق بنتی ہیں۔
ہم اپنے سلف صالحین اولیا اللہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ ، سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کے دینی و روحانی نظریات کی ترجمانی کرتے ہیں جن کے مطابق جب تک معاشرے کے ہر فرد کی روحانی و باطنی اصلاح نہیں ہوتی تب تک معاشرے کی فلاح ممکن نہیں۔ صرف روحانی طور پر پاکیزہ مسلمان ہی مومن کہلانے کے لائق ہیں اور اللہ نے قرآن میں صرف مومنین کی مدد اور ان پر مہربانی کا وعدہ فرمایا ہے نہ کہ نام کے ظاہری مسلمانوں کا۔ دنیا اور آخرت کی فلاح اور کامیابی روحانی طور پر پاکیزہ مومنوں کا مقدر ہے اسی لیے ہم امتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو روحانی پاکیزگی کی طرف بلاتے ہیں تاکہ دنیا و آخرت کی ظاہری و باطنی فلاح انہیں حاصل ہو۔