تحریک دعوتِ فقر کے یومِ تاسیس پر تحریک دعوتِ فقر متحدہ عرب امارت بھی سرگرم
ابوظہبی (نمائندہ خصوصی) 23 اکتوبر 2019ء بروز بدھ تحریک دعوتِ فقر متحدہ عرب امارت کی جانب سے ابو ظہبی میں وحید حسن سروری قادری کے گھر یومِ تاسیس کے حوالے سے ایک محفل کا اہتمام کیا گیا جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پیر بھائیوں نے شرکت کی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی مہربانی سے تحریک دعوتِ فقر متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا اجلاس تھا جس میں تحریک دعوتِ فقر کا دسواں یومِ تاسیس جوش و خروش سے منایا گیا۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن سے کیا گیا اور اس کے بعد نعت ِ رسولِ مقبول کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ نعت کے بعد وحید حسن سروری قادری نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی شہرہ آفاق تصنیف شمس الفقرا سے درس دیا جسے حاضرین نے نہایت انہماک سے سنا۔ درس میں اسمِ اللہ ذات کی حقیقت ، اس کی اہمیت اور مرشد کامل اکمل کی صحبت کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ وحید حسن نے اپنے بیان میں اس بات کو اجاگر کیا کہ یہ اللہ پاک کی مہربانی اور فضل ہے کہ اس نے ہمیں سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام فقیر کامل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی بیعت اور صحبت سے نوازا۔ راہِ فقر راہِ عشق ہے اور اس میں وہی طالب کامیاب ہوتے ہیں جو اللہ کی راہ میں زیادہ مجاہدہ کرتے ہیں۔
درس کے بعد یومِ تاسیس کے سلسلے میں خصوصی طور پر تیار کردہ کیک کاٹا گیا اور تمام شرکاء میں تقسیم کیا گیا۔ اس کے بعد تحریک دعوتِ فقر کے عروج اور فروغ کے لیے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔ تمام شرکاء نے اس بات کا عزم کیا کہ تحریک دعوتِ فقر کے دفتر میں مہینے میں کم از کم ایک مرتبہ محفل ضرور منعقد کی جائے گی۔ اللہ پاک تحریک دعوتِ فقر کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے اور حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا سایہ تادیر ہمارے سروں پر قائم و دائم رکھے۔ آمین ۔