سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کاتبلیغی دورہ شاہ پور صدر ضلع سرگودھا 25 دسمبر 2018ء

Spread the love

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کاتبلیغی دورہ شاہ پور صدر ضلع سرگودھا

25 دسمبر 2018ء

(رپورٹ: احسن علی سروری قادری سروری قادری۔ مینیجنگ ایڈیٹر ماہنامہ سلطان الفقر لاہور)

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے 25 دسمبر 2018 بروز منگل اسم اللہ ذات کے فیض کو عام فرمانے کے لیے شاہ پور صدر ضلع سرگودھا کا تبلیغی دورہ کیا۔ اس تبلیغی دورہ میں صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب اور تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ اور اسکے علاوہ بہت سے مریدین آپ مدظلہ الاقدس کے ہمراہ تھے۔ قافلہ صبح 7:45 لاہور سے روانہ ہوا اور تقریبا 11:45 شاہ پور صدر میں ملک محمد امیر اعوان سروری قادری کی رہائش گاہ پہنچا۔ 

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی آمد 

شاہ پور صدر میں مقامی مریدین عقیدتمندوں کے علاوہ گردو نواح کے شہروں سے بھی مریدین اور عقیدت مند سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے استقبال کے لیے موجود تھے اور آپ مدظلہ الاقدس کی آمد سے قبل بیتابی سے سلطان العاشقین کے چہرۂ انور کے دیدار کے منتظر تھے۔ جیسے ہی قافلہ ملک محمد امیر اعوان سروری قادری کی رہائش گاہ پہنچا حاضرین نے نہایت جوش و خروش سے آپ مدظلہ الاقدس کا استقبال کیا۔ فضا سلطان العاشقین، مجددِ دین، امامِ مبین اور تکبیر و رسالت کے نعروں سے گونج اٹھی۔ حاضرین نے سلطان العاشقین کی گاڑی پر پھولوں کی بارش کر دی۔ اس نورانی ماحول میں سینکڑوں لوگوں کے جھرمٹ میں سلطان العاشقین نے ملک محمد امیر اعوان سروری قادری کے گھر میں قدم رنجہ فرمایا۔
تمام عقیدت مندوں اور مریدین کے تشریف فرما ہونے کے بعد محمد فاروق ضیا سروری قادری نے ایک جامع بیان حاضرین کے گوش گزار کیا اپنے بیان میں انہوں نے حاضرین کو اسم اللہ ذات کی حقیقت سے آگاہ کیا اوراللہ کی پہچان و معرفت الٰہی جو کہ ہر انسان کی حیات کا مقصد ہے‘ کے حصول کے لیے ترغیب دی۔ اس کے ساتھ انہوں نے اسم اللہ ذات کے ذکر و تصور اور سلطان الاذکار ’’ھو‘‘ کے متعلق نہایت خوبصورت انداز میں حاضرین کو سمجھایا۔ آخر میں انہوں نے انسانِ کامل مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ صاحبِ مسمّٰی کی صحبت اور ضرورت سے آگاہ کرتے ہوئے حضور مرشد کریم سلطان العاشقین کا تعارف کروایا اور ان کے دستِ اقدس پر بیعت ہو کر مقصدِ حیات میں کامیابی کی ترغیب دی۔ اس کے بعد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس محفل میں جلوہ افروز ہوئے جس کے ساتھ فضا ایک مرتبہ پھر سلطان العاشقین اور تحریک دعوتِ فقر کے نعروں سے گونج اٹھی۔
* ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری منتظم اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔
* احسن علی سروری قادری نے تلاوتِ قرآنِ پاک کی سعادت حاصل کی۔ 
* ساجد علی سروری قادری نے آقا پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہِ اقدس میں ہدیۂ نعت پیش کرتے ہوئے کلام بیدم وارثی ’’بے خود کئے دیتے ہیں انداز حجابانہ‘‘ پیش کیا جسے حاضرینِ محفل نے خوب سراہا۔
* اس کے بعد محمد رمضان باھو سروری قادری نے محسن سعید سروری قادری کا کلام ’’آساں تے امیداں والا چن چڑھ آیا اے، مرشد نجیب ساڈے ویہڑے وڑھ آیا اے‘‘ پیش کیا۔ حاضرینِ محفل نے سبحان اللہ، ماشااللہ کی آوازوں سے محمد رمضان باھو کو خوب داد دی۔
* آخر میں محمد فاروق ضیا سروری قادری نے دعائے خیر کرائی جس کے بعد خوش نصیب مردوں کی ایک کثیر تعداد نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت کی سعادت حاصل کی اور آپ مدظلہ الاقدس نے ان خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو ذکر و تصور اسم اللہ ذات عطا فرمائے اور ان کے قلوب کو نورِ اسم اللہ ذات سے منور فرمایا۔
حاضرینِ محفل میں لنگر پاک تقسیم کیا گیا اور اسکے بعد سلطان العاشقین نے تمام مریدین اور حاضرین کے ہمراہ ظہر کی نماز ادا فرمائی۔

اس کے بعد طالبانِ مولیٰ خواتین بھی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیارت اور ملاقات کے لیے منتظر تھیں۔ مرشد کامل اکمل نے سب خواتین طالبانِ مولیٰ سے ملاقات فرمائی اور خوش نصیب خواتین جو اپنے مقصدِ حیات میں کامیابی چاہتی تھیں ان کو بیعت کی سعادت سے سرفراز فرمایا اور اسم اللہ ذات کے ذکر وتصور عطا فرمایا۔ 

حاجی محمد گلزار کے گھر آمد

پروفیسر ملک محمد امیر اعوان سروری قادری کے گھر سے مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس حاجی محمد گلزار کے گھر دعائے خیر کے لیے تشریف لے گئے۔ حاجی محمد گلزار کے گھر بہت سے عقیدت مند اور ان کے عزیز و اقارب حضور مرشدکریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے پُرتپاک استقبال کے لیے موجود تھے۔ جیسے ہی سلطان العاشقین کی گاڑی حاجی محمد گلزار کی رہائش گاہ کے قریب پہنچی فضا سلطان العاشقین مجدد دین کے نعروں سے گونج اٹھی۔

اہل علاقہ اس عظیم الشان ہستی کے شاندار استقبال کے لیے پُر جوش تھے۔ ان کے دلوں میں جوش کھاتے اس ولولے کا اظہار ان کے پُرجوش نعروں سے ہو رہا تھا۔ حاجی محمد گلزار نے سلطان العاشقین کو ہار پہنایا اور دست بوسی کا شرف حاصل کیا۔ 
حاجی محمد گلزار کی رہائش گاہ پر محفل حمد و نعت کا اہتمام تھا۔ جیسے ہی سلطان العاشقین مسند پر جلوہ افروز ہوئے طالبانِ مولیٰ آپ مدظلہ الاقدس کے دیدارِ پُر انوار میں محو ہو گئے اور بہت سے عقیدت مندوں نے آپ مدظلہ الاقدس کی دست بوسی کا شرف حاصل کیا۔
* منتظم اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر ملک محمد نعیم عباس سروری قادری نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ 
* قاری اللہ بخش نے تلاوتِ قرآنِ پاک کی سعادت حاصل کی۔
* ساجد علی سروری قادری نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا اور ساتھ ہی ابیاتِ باھو حاضرین کی سماعتوں کی نذر کیے جنہیں حاضرین نے خواب سراہا۔
* اختتامی دعا محمد فاروق ضیا سروری قادری نے کرائی۔ 
* جس کے بعد حاضرین محفل میں چائے اور مٹھائی پیش کی گئی۔ حاجی محمد گلزار نہ صرف خود مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ اقدس کے دستِ اقدس پر بیعت ہوئے بلکہ ان کی تمام فیملی نے بیعت کی سعادت حاصل کی۔
اس کے علاوہ گرد و نواح سے آنے والے عقیدتمندوں نے سلطان العاشقین کی شخصیت سے مرعوب اور متاثر ہو کر بھی بیعت کا شرف حاصل کیا او ر ذکر وتصور اسم اللہ ذات کی ازلی نعمت حاصل کی۔ 
آخر میں سلطان العاشقین نے سب کے لیے دعائے خیر فرمائی اور وہاں سے قافلہ چار بجے سلطان العاشقین کی سربراہی میں لاہور واپسی کے لیے روانہ ہوا۔

Click to rate this post!
[Total: 0 Average: 0]

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں