سلطان العاشقین کا تبلیغی دورہ پتوکی ضلع قصور اور رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ
(رپورٹ احسن علی سروری قادری۔مینیجنگ ایڈیٹر ماہنامہ سلطان الفقر لاہور)
مجددِ دین سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس‘ حاملِ امانتِ الٰہیہ، وارثِ فقر اسم اللہ ذات کے فیض کو عام کرنے کے لیے 27 جنوری 2019 بروز اتوار ایک روزہ تبلیغی دورہ پر پتوکی ضلع قصور اور رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ تشریف لے گئے۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی روانگی سے چند روز قبل ہی شعبہ دعوت و تبلیغ کی مقرر کردہ جماعتیں پتوکی اور رینالہ خورد روانہ ہو چکی تھیں۔ حضور مرشد کریم کی آمد سے قبل تمام مریدین و عقیدتمندوں کو سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی آمد کی اطلاع کر دی گئی تھی کہ مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اسمِ اللہ ذات کے فیض کو عام فرمانے کے لیے ان کے علاقہ میں رونق افروز ہوں گے اس لیے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی آمد کا بیتابی سے انتظار ہو رہا تھا کہ کب وہ مبارک گھڑیاں آئیں کہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا دیدار نصیب ہو۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی آمد سے قبل گردو نواح میں جگہ جگہ اشتہارات اور فلیکسز آویزاں کی جا چکی تھیں جس کے ذریعے اہلِ علاقہ کو دعوتِ عام دی گئی کہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی زیارت و ملاقات سے فیض یاب ہونے کے لیے ہر خاص و عام تشریف لا سکتا ہے۔
پتوکی ضلع قصور میں آمد
قافلہ صبح 8 بجے سلطان العاشقین ہاؤس لاہور سے روانہ ہوا۔ اس قافلے میں بہت سے مریدین آپ مدظلہ الاقدس کے ہمراہ تھے۔ اس دن موسم بہت ہی حسین تھا۔ چمکتی دھوپ کے ساتھ خوشگوار مہکتی ہوا سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی آمد کا پتہ دے رہی تھی۔ دورانِ سفر طالبانِ مولیٰ پر سرشاری کی ایک کیفیت طاری تھی۔
قافلہ تقریباً 09:15 پر محمد تنویر کی رہائش گاہ پر پتوکی کہنہ ضلع قصور پہنچا جہاں نہ صرف مقامی بلکہ گرد و نواح کے شہروں سے بھی مریدین اور عقیدتمندوں کی کثیر تعداد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ آپ مدظلہ الاقدس کی سواری کے نمودار ہوتے ہی فضا ’’سلطان العاشقین زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھی۔ فضا گلاب کی خوشبو سے معطر تھی اور طالبانِ مولیٰ کے قلوب سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی محبت و عقیدت سے سرشار تھے۔ مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے چہرہ انور پر نظر پڑتے ہی عشاق کی بیقراری کو سکون مل گیا۔ آپ مدظلہ الاقدس کی سواری پر گلاب کی پتیاں نچھاور کر کے اپنے جذبات کی عکاسی کی گئی۔ آپ مدظلہ الاقدس کے وجودِ مسعود کی خوشبو سے طالبانِ مولیٰ اور عشاق نے اپنے قلب و باطن میں ایک سرور محسوس کیا۔ اہلِ علاقہ آپ مدظلہ الاقدس کی پُرنور روحانی شخصیت سے مرعوب ورطۂ حیرت میں گم عاجزی سے کھڑے تھے۔ تکبیر و رسالت کے نعروں اور سلطان العاشقین زندہ باد کی پُرجوش آوازوں سے آپ مدظلہ الاقدس نے محمد تنویر کے گھر میں قدم رنجہ فرمایا۔ محمد تنویر سروری قادری اور ان کے والد نے حضور مرشد کریم کے گلے میں ہار پہنائے اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے انہیں گلے سے لگا کر شرف بخشا۔
محمد تنویر سروری قادری کے گھر مہمانوں اور عقیدتمندوں کے لیے ناشتے کا وسیع اہتمام تھا۔ ناشتے کے بعد مولانا محمد اسلم سروری قادری نے حاضرینِ محفل میں اسم اللہ ذات کی اہمیت اور مرشد کامل اکمل کی ضرورت پر ایک جامع بیان حاضرین کے گوش گزار کیا۔ بیان کے ختم ہونے پر حضور مرشد کریم سلطان العاشقین محفل میں تشریف لائے تو فضا ایک مرتبہ پھر امامِ مبین سلطان العاشقین کے نعروں سے گونج اٹھی۔ تمام حاضرین نے کھڑے ہو کر ادب و احترام سے سلطان العاشقین کا محفل میں استقبال کیا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے جلوہ افروز ہوتے ہی محفلِ حمد و نعت کا آغاز کیا گیا جس میں مولانا محمد اسلم سروری قادری نے تلاوتِ قرآن کی سعادت حاصل کی۔
جس کے بعد ساجد علی سروری قادری نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا جسے حاضرین نے داد دیتے ہوئے خوب سراہا اور اپنے قلوب کو عشقِ رسولؐ سے سرشار محسوس کیا۔
نعت شریف کے بعد محسن رضا سلطانی نے حضور مرشد کریم سلطان العاشقین کی شان میں منقبت کا گلدستہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی اور خوب داد وصول کی۔ سلطان العاشقین زندہ باد، امامِ مبین سلطان العاشقین کے ولولہ انگیز نعرے بھی حاضرین کے وجود میں جوش بھرنے کے لیے کافی تھے۔
منقبت کے بعد ساجد علی سروری قادری نے ابیاتِ باھُوؒ سامعین کی سماعتوں کی نذر کیے۔
آخر میں مولانا محمد اسلم سروری قادری نے دعا کروائی۔
حاضرینِ محفل میں سے کثیر تعداد میں عقیدتمندوں اور راہِ حق کے متلاشیوں نے مرشد کامل اکمل کے دستِ اقدس پر بیعت کی سعادت حاصل کی اور آپ کی غلامی کا طوق گلے میں ڈالا اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے لطف و کرم فرماتے ہوئے انہیں ذکر و تصور اسم اللہ ذات کی نعمتِ عظیم سے نوازا اور ان کے لیے راہِ فقر پر استقامت کے لیے دعا فرمائی۔
کثیر تعداد میں عقیدتمندوں نے اپنے تزکیہ نفس اور باطنی ترقی کے لیے اسم اللہ ذات کے ذکر کی پہلی منزل بغیر بیعت کے حاصل کی۔
مرد حضرات کے قلوب کو انوار و تجلیات سے منور فرمانے کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے گردونواح سے ملاقات کی غرض سے حاضر ہونے والی خواتین سے ملاقات فرمائی اور راہِ فقر پر سفر کر کے اللہ کا قرب و وِصال حاصل کرنے کی خواہشمند خواتین نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت کی سعادت حاصل کی۔ انہیں بھی ذکر و تصور اسم اللہ ذات اور مشقِ مرقومِ وجودیہ سے نوازا گیا۔
پتوکی ضلع قصور میں اسم اللہ ذات کے فیض کو عام فرمانے کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس قافلہ کے ہمراہ چک نمبر 2/1L تحصیل رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ میں تشریف لے گئے۔
چک نمبر 2/1L تحصیل رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ میں آمد
دوپہر تقریباً 12:30 پر قافلہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیرِ قیادت چک نمبر 2/1L تحصیل رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ میں محمد سفیان سروری قادری کے گھر پہنچا جہاں عقیدتمند اور اہلِ علاقہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے پُرتپاک استقبال کے لیے بیتاب تھے۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی سواری کے نظر آتے ہی عقیدت مند قطار در قطار پھولوں کی پتیاں تھامے کھڑے ہو گئے۔ ’’سلطان العاشقین زندہ باد، امامِ مبین سلطان العاشقین، مجددِ دین سلطان العاشقین‘‘ کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی پنڈال میں آمد سے قبل محمد فاروق ضیا سروری قادری نے ایک مرتبہ پھر اہلِ علاقہ میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا تفصیلاً تعارف کروایا اور اسمِ اللہ ذات کے فیوض و برکات کے متعلق مفصل بیان کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے حاضرین کو دعوت دی کہ وہ حضور مرشد کریم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی اس علاقہ میں آمد کو خوش قسمتی سمجھیں اور ان کے دستِ اقدس پر بیعت کی سعادت حاصل کریں اور بیعت کے بعد اسمِ اللہ ذات کا ذکر و تصور حاصل کر کے اپنی ظاہری و باطنی اصلاح اور راہِ معرفت و قربِ حق اختیار کر کے راہِ فلاح اختیار کریں۔
اس کے بعد محفل میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی آمد ہوئی اور فضا ایک مرتبہ پھر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے بلند نعروں سے گونج اٹھی۔ حضور مرشد کریم کے سٹیج پر جلوہ افروز ہوتے ہی حاضرین نے فرداً فرداً سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی دست بوسی کا شرف حاصل کیا۔ عقیدتمند حضور مرشد کریم کے دیدارمیں محو قلبی سکون کی کیفیات محسوس کر رہے تھے۔ اس خوشگوار موسم اور مہکتی فضا میں محفلِ حمد و نعت کا آغاز کیا گیا۔
نقابت کے فرائض ملک محمد نعیم عباس کھوکھر ‘ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر‘ نے انجام دیے۔
تلاوتِ قرآن کے لیے انہوں نے مولانا محمد اسلم سروری قادری کو دعوت دی کہ وہ تلاوتِ قرآن کی سعادت حاصل کریں۔
محسن رضا سلطانی نے نعت شریف کا نذرانہ آقا پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں پیش کیا۔
محمد رمضان باھُو نے حضور مرشد کریم کی شان میں لکھی گئی منقبت ’’یہ نظر میرے پیر کی‘‘ کا نذرانہ پیش کیا جسے خوب سراہا گیا۔
آخر میں ساجد علی سروری قادری نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی شان میں نعت شریف کا ہدیہ پیش کیا اور ابیاتِ باھُو حاضرین کی سماعتوں کی نذر کیے۔
محمد فاروق ضیا سروری قادری نے دعا کروائی ۔
دعا کے بعد حضور مرشد کریم نے بیعت کے خواہشمند افراد کی کثیر تعداد کو بیعت فرما کر اپنی غلامی کا شرف بخشااور انہیں ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات اور مشقِ مرقومِ وجودیہ کی لازوال دولت سے نوازا۔
اس کے ساتھ ہی بغیر بیعت کے سینکڑوں افراد نے اپنے نفس کی اصلاح اور درستگی کے لیے بغیر بیعت کے اسمِ اللہ ذات کی پہلی منزل کا ذکر حاصل کرنے کی سعادت حاصل کی۔
تزکیۂنفس اور تصفیۂ قلب کے اس سفر میں خواتین بھی پیچھے نہیں۔ مرد حضرات کے بعد خواتین کی کثیر تعداد بھی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی نورانی شخصیت کے دیدار اور آپ مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت کے لیے بیتاب تھیں۔ حضور مرشد کریم نے انہیں بیعت فرما کر ان کی بیتابی کو قرار بخشا اور ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات جیسی لازوال دولت و نعمت عطا فرماتے ہوئے راہِ فقر پر استقامت کی دعا بھی فرمائی۔
حاضرینِ محفل اور تمام مریدین و عقیدتمندوں میں لنگر پاک تقسیم کیا گیا۔
لنگر تناول کرنے کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے مریدین و عقیدتمندوں کے ہمراہ نمازِ ظہر ادا فرمائی۔
محمد سفیان سروری قادری کے اہلِ خانہ سے ملاقات اور ان کے لیے دعائے خیر فرمانے کے بعد قافلہ لاہور واپسی کے لیے روانہ ہوا اور تقریبا 05:30 پر لاہور پہنچا۔ ہزاروں لوگوں کو اپنے نورانی وجود کے فیوض و برکات سے نوازنے کے بعد ایک روزہ تبلیغی دورہ اپنے اختتام کو پہنچا۔