سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کاتبلیغی دورہ مپالکے اور گبہ فاضل ضلع اوکاڑہ
(رپورٹ: ڈاکٹر حامد جمیل ایڈیٹر ماہنامہ سلطان الفقر )
فرمان سلطان العاشقین
’’جب تک انسان ذکر وتصور اسم اللہ ذات میں کامل نہ ہو جائے تب تک خواہشاتِ نفسانی اور ہوا و ہوس سے خلاصی نہیں پا سکتا۔‘‘
اسم اللہ ذات کے ذکر و تصور کے فیض کو عام کرنے کے لیے عہد حاضر کے مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ، مجددِ دین، نورِ یقین، امامِ مبین، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ملک بھر کے تبلیغی دورے فرماتے ہیں تاکہ طالبانِ حق اور عاشقانِ الٰہی پر اسم اللہ ذات کے ذریعے راہِ معرفت کی حقیقت کھول سکیں اور زیادہ سے زیادہ لوگ اس نعمتِ عظمیٰ یعنی معرفتِ الٰہی کو حاصل کر کے اپنے مقصدِ حیات میں کامیابی حاصل کر سکیں۔
اسی مقصد کی تکمیل کے لیے مپالکے اور گبہ فاضل ضلع اوکاڑہ کے مریدین کی درخواست پر تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ نے 25 نومبر 2018 بروز اتوار مپالکے اور گبہ فاضل کے تبلیغی دورہ کا اعلان کیا جس میں کثیر تعداد میں مریدین نے قافلہ کے ہمراہ سفر کرنے کی درخواست کی۔ قافلہ 25 نومبر 2018ء بروز اتوار حضور مرشد پاک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کی زیرِ سرپرستی صبح 07:00 بجے لاہور سے روانہ ہوا۔
مپالکے ضلع اوکاڑہ
قافلہ سب سے پہلے مپالکے میں محمد افضل سروری قادری جو علاقائی دفتر تحریک دعوتِ فقر اوکاڑہ کے سیکریٹری جنرل ہیں، کے گھر پہنچا جہاں اہلِ علاقہ نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کا استقبال تکبیر و رسالت کے نعروں سے پُرتپاک طریقے سے کیا۔ میزبان محمد افضل سروری قادری اور اہلِ علاقہ نے اتنی خوش دلی سے قافلہ کا استقبال کیا کہ اردگرد کے لوگ بھی اکٹھے ہو گئے اور آپ مدظلہ الاقدس کی شخصیت سے اس قدر متاثر ہوئے کہ آپ مدظلہ الاقدس کو ٹکٹکی باندھ کر دیکھتے رہے۔ آپ مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب سمیت تمام قافلہ والوں کے لیے پُر تکلف ناشتہ کا انتظام کیا گیا تھا۔ جس کے بعد محفلِ نعت منعقد کی گئی۔ مہمانِ خصوصی مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس جیسے ہی محفل میں جلوہ افروز ہوئے تو فضا ایک بار پھر تکبیر و رسالت کے نعروں سے گونج اٹھی اور آپ مدظلہ الاقدس کے تشریف فرما ہوتے ہی حاضرین آپ مدظلہ الاقدس کے پُر نور چہرہ مبارک سے نگاہیں نہ ہٹا سکے یہ آپ مدظلہ الاقدس کی کرامت ہی ہے کہ جو ایک بار آپ مدظلہ الاقدس کا چہرہ مبارک دیکھ لیتا ہے وہ اپنی نگاہ اور دل پر قابو نہیں رکھ پاتا۔ محفل کے باقاعدہ آغاز کے لیے تحریک دعوتِ فقر کے منتظمِ اعلیٰ ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے نقابت کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے مولانا محمد اسلم اعوان سروری قادری کو تلاوتِ قرآنِ پاک کے لیے مدعو کیا جنہوں نے اپنی خوبصورت قرأت سے حاضرین کے قلوب کو گرمایا۔ پھر محسن رضا سلطانی نے منقبت درشان سلطان العاشقین ’’اللہ کا ہے مظہر اور نبیؐ کا نور‘ سلطان العاشقین میرا مرشد ہے مشہور‘‘ کا نذرانۂ عقیدت اپنی خوبصورت آواز میں پیش کیا جسے سامعین نے خوب سراہا اور اپنے قلوب کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی محبت کے جذبہ سے سرشار محسوس کیا۔ سب حضرات مرشد کریم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی شان میں پُرجوش انداز میں نعرے لگاتے رہے اور اپنے قلوب کو گرماتے رہے۔ پھر نقیبِ محفل نے ساجد علی سروری قادری کو دعوت دی جنہوں نے شہبازِ عارفاں حضرت سخی سلطان پیر سیّد محمد بہادر علی شاہؒ کا کلام جو انہوں نے اپنے مرشد کی شان میں لکھا، سے سامعین کے قلوب کو منور کیا ۔ محفل کے اختتام پر محمد فاروق ضیا سروری قادری نے دعائے خیر کرائی اور حضور مرشد پاک کمرے میں تشریف لے گئے جہاں عوام کے ایک جمِ غفیر نے آپ مدظلہ الاقدس کی نورانی شخصیت سے متاثر ہو کر دستِ بیعت ہونے کا شرف حاصل کر کے راہِ معرفت کے سفر کا آغاز کیا اور اسم اللہ ذات کے ذکر و تصور کی لازوال دولت حاصل کی۔ اس کثیر تعداد کو ذوالفقار علی سروری قادری نے اسم اللہ ذات کے ذکر و تصور اور مشقِ مرقومِ وجودیہ کا طریقہ سمجھایا۔ بیعت ہونے والے طالبانِ مولیٰ کی بیعت سے قبل اور بیعت کے بعد کی کیفیات میں زمین و آسمان کا فرق تھا سب کے دل سکون کی کیفیت سے سرشار تھے اور ان کے چہروں پر ایک نورانی چمک تھی اس روحانی سماں سے متاثر ہو کر کثیر تعداد نے بغیر بیعت کے اسم اللہ ذات کے ذکر کی پہلی منزل حاصل کی اور مرشد پاک کی اجازت سے محمد ارشد رمضان سروری قادری نے انہیں ذکر اور تصور کا طریقہ سمجھایا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے محمد افضل سروری قادری کے اہل خانہ اور قرب و جوار سے ملاقات کی غرض سے حاضر ہونے والی خواتین سے ملاقات کی جنہوں نے آپ مدظلہ الاقدس کے دست اقدس پر بیعت کا شرف حاصل کیا اور ذکر وتصوراسم اللہ ذات کی لازوال دولت حاصل کر کے اپنے قلوب کو حیاتِ نو عطا کی۔ آخر میں آپ مدظلہ الاقدس نے محمد افضل سروری قادری اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے دعائے خیر فرمائی اور وہاں سے رخصت ہوئے۔
اس کے بعد آپ مدظلہ الاقدس فوجی منصب علی سروری قادری کی درخواست پر ان کے گھر دعائے خیر کے لیے تشریف لے گئے۔ وہاں پہلے سے ہی بہت زیادہ تعداد میں لوگ استقبال کیلئے کھڑے تھے اور شدت سے آپ مدظلہ الاقدس کا انتظار کر رہے تھے۔ وہاں پر دعائے خیر کرنے کے بعد حضور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس، صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب اور دیگر مریدین کے ہمراہ محمد زمان خاں سروری قادری کے گھر دعائے خیر کے لیے تشریف لے گئے جہاں مہمانوں کو چائے پیش کی گئی۔ حضور مرشد کریم مدظلہ الاقدس نے محمد زمان سروری قادری کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب سے ملاقات فرمائی اور سب کے لیے دعائے خیر فرمائی۔ وہاں سے رخصت ہو کر حضور مرشد پاک مدظلہ الاقدس محمد طارق سروری قادری اور محمد کاشف سروری قادری کے گھر باری باری تشریف لے گئے جہاں نہ صرف آپ مدظلہ الاقدس کا والہانہ استقبال کیا گیا بلکہ سب اس بات پر خوش تھے کہ آپ مدظلہ الاقدس کے قدم مبارک ان کے علاقہ خاص کر ان کے گھر میں داخل ہوئے ہیں۔
گبہ فاضل ضلع اوکاڑہ میں آمد
مپالکے میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس روحانی فیوض و برکات تقسیم کرنے کے بعد قافلہ کے ہمراہ گبہ فاضل ضلع اوکاڑہ میں محمد آصف سروری قادری کے گھر تشریف لے گئے جہاں پر پھولوں کی پتیوں سے آپ مدظلہ الاقدس کا پُر جوش استقبال کیا گیا۔ فضا تکبیر و رسالت اور شانِ سلطان العاشقین کے نعروں سے گونج اٹھی۔ محمد آصف سروری قادری کے گھر دوپہر کے کھانے کے بعد نمازِ ظہر ادا کی گئی جس میں امامت کے فرائض مولانا محمد اسلم اعوان سروری قادری نے انجام دیئے نمازِ ظہر کے بعد محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ نقیبِ محفل ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے تلاوتِ قرآنِ پاک کے لیے مولانا محمد اسلم اعوان سروری قادری کو مدعو کیا ۔ جس کے بعد ساجد علی سروری قادری نے منقبت درشان مرشد کامل اکمل ’’سن سن رمز سجن دا پایا، ربّ بندے دا چولا پایا‘‘ کا نذرانہ پیش کیا جسے سامعین نے خوب پسند کیا اور اپنے قلوب میں تازگی کی لہر محسوس کی۔ اختتامی دعا کے فرائض محمد فاروق ضیا سروری قادری نے سرانجام دئیے۔ حضور مرشد پاک مدظلہ الاقدس سے ملاقات کی غرض سے عقیدتمند دور دور سے تشریف لائے ہوئے تھے جنہوں نے محفل کے اختتام پر حضور مرشد پاک کے دستِ اقدس پر بیعت کی سعادت حاصل کرتے ہوئے آپ مدظلہ الاقدس کی غلامی اختیار کی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے بیعت ہونے والے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو اسم اللہ ذات عطا فرمایا۔ مرشد پاک کی اجازت سے محمد ذوالفقار سروری قادری نے بیعت ہونے والے خوش نصیب ساتھیوں کو ذکر وتصوراسم اللہ ذات اور مشق مرقومِ وجودیہ سمجھائی۔ حضور مرشد پاک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے تمام بیعت ہونے والے اشخاص کے لیے دعائے خیر فرمائی اور جو عقیدتمند بیعت نہیں ہوئے تھے انہوں نے اسم اللہ ذات کے ذکر کی پہلی منزل حاصل کی۔
آخر میں گردو نواح سے حاضر ہونے والی خواتین طالبانِ مولیٰ سے حضور مرشد کریم نے ملاقات کی درخواست کی۔آپ مدظلہ الاقدس نے ان کی درخواستوں کو نہایت توجہ سے سنا اور ان سب کے لیے دعا فرمائی بلکہ خواتین کی کثیر تعداد نے حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت ہونے کی سعادت حاصل کی اور اسم اللہ ذات کی لازوال دولت حاصل کی۔ دعا ہے کہ اللہ بیعت ہونے والے تمام مرد و خواتین کو راہِ فقر اور معرفت پر استقامت نصیب فرمائے۔
محمد آصف سروری قادری کے گھر والوں سے ملاقات کے بعد حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس، صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب اور دیگر مریدین جو قافلہ میں حضور مرشد کریم کے ہمراہ تھے‘ لاہور واپسی کے لیے روانہ ہوئے۔ لاہور واپسی پر مرشد پاک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے رخصت سے قبل تمام ساتھ جانے والے مریدین کو گلے لگایا اور سب کے لیے دعا کی۔
دعا ہے کہ اللہ پاک ہمارے مرشد پاک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا فیض یونہی جاری و ساری رکھے۔ آمین