سلطان العاشقین کا تبلیغی دورہ ہارون آباد ضلع بہاولنگرآباد

Spread the love

سلطان العاشقین  کا تبلیغی  دورہ ہارون آباد ضلع بہاولنگرآباد

رپورٹ: راشد گلزار سروری قادری

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کے سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور مجددِ دین ہیں۔ آپ مدظلہ الا قدس اسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات کے فیوض و برکات کی تقسیم کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔ اس مقصد کے لیے آپ مدظلہ الاقدس نے تحریک دعوتِ فقر کی بنیاد رکھی۔ آپ مدظلہ الاقدس سوشل میڈیا، ویب سائٹس، ویب ٹی وی چینلز، یوٹیوب چینلز، ڈیلی موشن چینلز، IGTV چینلز، ٹوئیٹر ، پنٹرسٹ، ریڈیٹ، سلطان الفقر پبلیکیشنز اور شعبہ دعوت و تبلیغ کے ذریعے دنیا بھر میں اسمِ اعظم کے فیوض و برکات کو تقسیم فرما رہے ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس کے زیر سایہ سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کی کتب کی انتہائی آسان اردو اور انگلش تراجم بھی ہو رہے ہیں جو نوجوان نسل کے لیے انتہائی مفید اور کارآمد ثابت ہو رہی ہیں اور آئندہ نسلوں کے لیے بھی فیض بخش ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس کی انہی کاوشوں کی بدولت اس وقت دنیا بھر میں بے شمار طالبانِ مولیٰ مستفید ہو رہے ہیں۔ جو طالبانِ مولیٰ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے آپ مدظلہ الاقدس کی بارگاہ میں حاضر نہیں ہو سکتے ان کے لیے آن لائن بیعت کا طریقہ بھی متعارف کروایا گیا ہے جو دور دراز رہنے والے طالبانِ مولیٰ کے لیے آپ مدظلہ الاقدس کی انتہائی خاص مہربانی ہے۔ آپ مدظلہ الاقدس پاکستان بھر میں شہر شہر گاؤں گاؤں جا کر اسمِ اللہ ذات کے فیض کو عام فرما رہے ہیں۔ اسی تناظر میں آپ مدظلہ الاقدس نے 16-17 فروری 2019 بروز ہفتہ و اتوار تحریک دعوتِ فقر کے ہارون آباد کے سرپرست مظہر حسین سروری قادری کے ہاں اہم تبلیغی دورہ فرمایا۔

تبلیغی دورہ کے لیے روانگی

16 فروری بروز ہفتہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی سرپرستی میں تبلیغی قافلہ ہارون آباد کے تبلیغی دورہ کے لیے صبح 07:45 پر سلطان العاشقین ہاؤس لاہور سے روانہ ہوا۔ سفر انتہائی خوشگوار تھا۔ قافلہ تقریباً پانچ گھنٹوں کے سفر کے بعد دوپہر 01:45 پر ہارون آباد پہنچا۔ آپ مدظلہ الاقدس کی آمد کے متعلق اشتہارات لگائے گئے تھے۔ 

آمد اور استقبال:

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا روحانی قافلہ جیسے ہی مظہر حسین سروری قادری کی رہائش گاہ کے قریب پہنچا تو آپ مدظلہ الاقدس کا استقبال پھولوں کی پتیوں اور سلطان العاشقین زندہ باد، تحریک دعوتِ فقر زندہ باد، نعرۂ تکبیر و رسالت سے کیا گیا۔ مظہر حسین سروری قادری نے پوری گلی کو پھولوں اور غباروں سے سجایا ہو اتھا۔ آپ مدظلہ الاقدس کا انتہائی پُر جوش استقبال کیا گیا۔ 
محمد فاروق ضیا سروری قادری نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے ملاقات کے لیے آنے والے لوگوں کو اسمِ اللہ ذات ، مرشد کامل اور بیعت کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے جامع بیان کیا۔ طالبانِ مولیٰ (مرد وخواتین) کی کثیر تعداد نے آپ مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت کی سعادت حاصل کرکے اسمِ اعظم کی نعمت حاصل کی۔ بیعت ہونے والے طالبانِ مولیٰ کو محمد فاروق ضیا سروری قادری نے ذکر ’’یاھُو‘‘ تصور اسمِ اللہ ذات اور مشقِ مرقومِ وجودیہ کا طریقہ سمجھایا۔ بہت سے طالبانِ مولیٰ نے آپ مدظلہ الاقدس کی روحانی شخصیت سے متاثر ہو کر بغیر بیعت کے اسمِ اللہ ذات کی پہلی منزل کا ذکر حاصل کیا۔ بغیر بیعت کے ذکر وتصور حاصل کرنے والوں کو ذکر کا طریقہ ساجد علی سروری قادری نے سمجھایا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے تمام آنے والے عقیدت مند حضرات سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور ان کے حق میں دعائے خیر فرمائی۔
سلطان الفقر پبلیکیشنز کی جانب سے آپ مدظلہ الاقدس کے زیر سایہ شائع ہونے والی کتب کو بھی عوام الناس میں متعارف کروانے کے لیے سٹال لگایا گیا۔ جس پر ڈیوٹی کے فرائض راشد گلزار سروری قادری نے انجام دیئے۔
دوپہر کے طعام اور نمازِ عصر کی ادائیگی کے بعد آپ مدظلہ الاقدس نے لاہور سے قافلہ کے ہمراہ جانے والے مریدین سے ملاقات فرمائی اور ان سے گفتگو فرمائی۔
مغرب کی نماز کے بعد رات کے کھانے کی تیاری کی گئی۔ مظہر حسین سروری قادری نے تمام مہمانوں کے لیے انتہائی لذیذ اور پُر تکلف لنگر کا اہتمام کیا ہوا تھا۔
نمازِ عشاء کی ادائیگی کے بعد آپ مدظلہ الاقدس نے قافلہ کو آرام کا حکم فرمایا۔
17 فروری 2019 صبح باجماعت نمازِ فجر ادا کی گئی۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے ملاقات کے لیے گرد و نواح سے لوگ جوق در جوق تشریف لا رہے تھے۔ جن میں بہت سے طالبانِ مولیٰ نے بیعت کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں سلطان العاشقین نے مظہر حسین سروری قادری کے اہلِ خانہ سے ملاقات فرمائی اور ان کے حق میں دعائے خیر فرمائی۔

علاقائی دفتر ہارون آباد کا افتتاح

17 فروری 2019 کی صبح مسلم کالونی ہارون آباد میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے مظہر حسین سروری قادری کی رہائش گاہ کے قریب ہی تحریک دعوتِ فقر کے علاقائی دفتر ہارون آباد کا باقاعدہ افتتاح فرمایا۔ افتتاح کے بعد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے دعائے خیر فرمائی۔ تمام لوگوں میں مٹھائی تقسیم کر کے خوشی کا اظہار کیا گیا۔

حاجی ملک محمد منور اعوان سروری قادری کے گھر آمد اور استقبال

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس تحریک دعوتِ فقر کے علاقائی دفتر ہارون آباد کے افتتاح کے بعد حاجی ملک محمد منور اعوان سروری قادری کے گھر تشریف لے گئے۔ 
آپ مدظلہ الاقدس کا استقبال گلاب کی پتیوں، تکبیر و رسالت اور سلطان العاشقین زندہ باد، تحریک دعوتِ فقر زندہ باد، نعرہ فقر جیسے فلک شگاف نعروں سے کیا گیا۔ اہلِ خانہ کو آپ مدظلہ الاقدس سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ یہاں بھی مرد و خواتین طالبانِ مولیٰ کی کثیر تعداد نے آپ مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت کی سعادت حاصل کی۔ بیعت ہونے والے تمام مریدین کو محمد فاروق ضیا سروری قادری نے اسمِ اللہ ذات کی آخری منزل سلطان الاذکار ’’ھُو‘‘ کا ذکر تصور اسم اللہ ذات اور مشق مرقومِ وجودیہ کا طریقہ سمجھایا۔سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے اہلِ خانہ سے الوداعی ملاقات فرمائی۔

محمد مشتاق سروری قادری کے گھر دعائے خیر 

ملک حاجی منور اعوان سروری قادری کے گھر دعائے خیر فرمانے کے بعد آپ مدظلہ الاقدس تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد کے جوائنٹ سیکریٹری محمد مشتاق سروری قادری کے گھر دعائے خیر کے لیے تشریف لے گئے۔ آپ مدظلہ الاقدس کا گلاب کی پتیوں اور نعروں سے انتہائی خوبصورت استقبال کیا گیا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے اہلِ خانہ سے ملاقات فرمانے کے بعد دعائے خیر فرمائی اور لاہور واپسی کے لیے اجازت طلب کی۔ 
لاہور واپسی کے لیے ساہیوال کا راستہ اختیار کیا گیا۔ تحریک دعوتِ فقر کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری نے قافلہ کے لئے طعام کا بندوبست ساہیوال شہر میں اپنی رہائش گاہ پر کیا ہوا تھا۔ تمام قافلہ نے ساہیوال رک کر ان کی رہائش گاہ پر رات کا کھانا کھایا۔ جہاں ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری کے اہلِ خانہ نے آپ مدظلہ الاقدس سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔ اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے اہلِ خانہ کے لیے دعائے خیر فرمائی۔کھانے کے بعد قافلہ لاہور واپسی کے لیے روانہ ہوا اور رات 7 بجے کے قریب سلطان العاشقین ہاؤس لاہور پہنچا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے قافلہ کے ساتھ جانے والے مریدین کو فرداً فرداً گلے لگا کر کامیاب تبلیغی دورہ کی خوشی کا اظہار فرمایا۔ اس طرح یہ روحانی سفر ذکر و تصور اسم اللہ ذات کے بیشمار فیوض و برکات طالبانِ مولیٰ میں تقسیم کرنے کے بعد کامیابی و کامرانی سے بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوا۔

Click to rate this post!
[Total: 0 Average: 0]

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں