محفل میلادِ مصطفیؐ اور سلطان العاشقین کا اعلانِ خلافت

Spread the love

محفل میلادِ مصطفیؐ (مورخہ 12 ربیع الاوّل1440ھ)

(رپورٹ: احسن علی مینیجنگ ایڈیٹر ماہنامہ سلطان الفقر )

حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام باعثِ تخلیقِ کائنات اور فخرِ موجودات ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی ولادت کے مبارک اور بابرکت موقع پر اللہ تعالیٰ نے تمام کائنات کو سجایا اور خوشیاں منائیں۔ 
حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ولادت باسعادت کی خوشیاں نہ صرف صحابہ کرامؓ نے منائیں بلکہ ان کے بعد آنے والے تابعین اور تبع تابعین کا بھی یہی طریقہ رہا۔ ان کے بعد حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ورثہ فقر کے وارثین فقرا کاملین اور اولیا کرام بھی اللہ پاک اور صحابہ کرامؓ کی سنت کو زندہ کرتے رہے اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے حقیقی عاشق اور آپ سے محبت و عقیدت رکھنے والے بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا یومِ ولادت نہایت جوش و خروش اور جذبے سے مناتے ہیں اور اپنے گھروں اور گلی کوچوں کو سجاتے ہیں۔
سلسلہ سروری قادری کے امامین اور اپنی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ہر سال ایک عظیم الشان محفلِ میلاد منعقد فرماتے ہیں اور اسی روایت پر اس سال بھی جشنِ عید میلادِ النبی کے سلسلے میں ایک عظیم الشان محفل منعقد کی گئی۔ تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ کی جانب سے محفل پاک کا نہایت بہترین انتظام کیا گیا۔ سلطان العاشقین ہاوس اور خانقاہ کو اندر اور باہر سے خوبصورت روشنیوں اور پھولوں سے سجایا گیا۔ حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی آمد پر پھولوں کی پتیوں اور ’’سلطان العاشقین‘‘ کے نعروں سے آپ مدظلہ الاقدس کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے سٹیج پر جلوہ افروز ہونے کے بعد تمام مریدین نے فرداً فرداً آپ کی دست بوسی کا شرف حاصل کیا جس کے ساتھ ہی محفل کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
* نقابت کے فرائض ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے انجام دئیے۔
* تلاوتِ قرآن پاک کی سعادت عابد حسین سروری قادری نے حاصل کی۔
* آقا پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں نعت شریف کا ہدیہ ساجد علی سروری قادری نے پیش کیا۔
* اس کے بعد محمد رمضان باھُو سروری قادری نے بھی نعت شریف پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔
* محسن رضا سلطانی نے اپنی پُرجوش آواز میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں نعت شریف کا گلدستہ پیش کیا۔
خدا کی عظمتیں کیا ہیں محمد مصطفیؐ جانے
مقامِ مصطفیؐ کیا ہے محمدؐ کا خدا جانے
* محمد فاروق ضیا سروری قادری نے ایمانِ کامل عشقِ مصطفیؐ کے موضوع پر بیان کیا اور اپنے بیان میں حاضرین کو بتایا کہ ایمان تب تک کامل نہیں ہو سکتا جب تک حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ذاتِ مبارکہ ہر شے سے عزیز نہ ہو جائے اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی مقدس ذات سے عشق ہی ایمان کی کاملیت کی بنیاد ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے اپنے بیان میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کی سیرت سے عشقِ رسول کے واقعات بھی سامعین کے گوش گزار کیے۔
* آخر میں ساجد علی سروری قادری نے ابیاتِ باھُوؒ پیش کیے۔
* عید میلاد النبی کے بابرکت اور پُرمسرت موقع پر حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے صادق اور پُراخلاص طالبانِ مولیٰ جو دینِ محمدی کی خدمت کے لیے اپنا قیمتی وقت صرف کرتے ہیں‘ انہیں اسمِ محمد سے نوازا۔ اور اعلان فرمایا کہ آئندہ سے اسمِ محمد سال میں دو مرتبہ عطا کیے جائیں گے ایک عید میلاد النبی کے بابرکت موقع پر دوسرے 21 مارچ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ کے پُرمسرت موقع پر۔
* مولانا محمد اسلم سروری قادری نے ختم شریف پڑھا۔
* محمد فاروق ضیا سروری قادری نے دعا کرائی۔
* آخر میں ساجد علی سروری قادری اور محسن رضا سلطانی نے آقا پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں ہدیۂ درود و سلام پیش کیا۔
* اذانِ ظہر کے بعد نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔
* نماز کی ادائیگی کے بعد حضور مرشد کریم نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت فرما کر ذکر و تصوراسم اللہ ذات اور مشقِ مرقومِ وجودیہ عطا فرمائی اور اسم اللہ ذات کی آخری منزل سلطان الاذکار ھُو کا ذکر عطا فرمایا۔ اس کے علاوہ سینکڑوں عقیدتمندوں نے بغیر بیعت کے اسم اللہ ذات کے ذکر کی پہلی منزل حاصل کی۔
اسکے بعد حضور مرشد کریم نے دور دراز اور گرد و نواح کے شہروں اور دیہاتوں سے تشریف لانے والے مریدین اور عقیدتمندوں سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور رخصت ہوئے۔
حضور مرشد کریم کے تشریف لے جانے کے بعد حاضرین میں بہترین لنگر پاک تقسیم کیا گیا جو کہ عید میلاد النبی کے مبارک موقع پر خصوصی طور پر تیار کرایا گیا تھا۔
خواتین نے محفلِ میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبی سلطان العاشقین ہاؤس میں محترمہ بی بی صاحبہ کی زیرِ صدارت منعقد کی۔

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کو خلافت عطا کرنے کا اعلان

حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے عید میلاد النبیؐ کے روشن اور پُرنور موقع پر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کو اپنی خلافت سے نوازا اور اعلان فرمایا کہ ان کے وصال کے بعد صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب ان کے دربار کے سجادہ نشین اور ان کے خاندان کے سربراہ ہوں گے۔ اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کو وصیت فرمائی کہ اپنی بہنوں کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آئیں اور کسی کو بھی آپ مدظلہ الاقدس کے وصال کے بعد دربار پاک پر حاضری سے نہ روکیں۔ اس کے ساتھ ہی تمام مریدین و عقیدتمندوں کو نصیحت فرمائی کہ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کا ادب و اکرام کریں اور بعد میں منتخب ہونے والے خلفا پر بھی لازم ہے کہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب کا ادب و احترام کریں۔
صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کی خلافت کے اعلان کی خوشی میں تمام مریدین اور عقیدتمندوں نے جو بھی جائز دعائیں مانگیں تھیں وہ سب اللہ نے قبول فرمائیں۔
دعا ہے کہ اللہ پاک صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب کو شاد و آباد رکھے۔ آمین

Click to rate this post!
[Total: 0 Average: 0]

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں