تحریک دعوتِ فقر نیوز |Tehreek Dawat e Faqr News


تحریک دعوتِ فقر نیوز ۔اگست2019

تحریک دعوتِ فقر پاکستان نے عیدالاضحی مذہبی جوش و خروش سے منائی
خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں 20بکروں کی قربانی دے کر سنت ِ ابراہیمی ادا کی اور خانقاہ میں عید ملن تقریب کا اہتمام

لاہور(پریس ریلیز) بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیر ِ سرپرستی عید الاضحٰی کے بابرکت موقع پر خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں سنت ِ ابراہیمی ادا کی گئی اور 20 بکروں کی قربانی ادا کی گئی۔ عیدالاضحی کے پہلے دن 12اگست 2019 بروز سوموار بعد نمازِ مغرب خانقاہ میں عید ملن تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے ملک کے طول و عرض سے آئے مریدین سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔ ملاقات کے بعد ایک مختصر سی محفل کا اہتمام کیا گیا تھا۔ منتظم ِاعلیٰ ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری صاحب نے نقابت کے فرائض سر انجام دیئے اور حاضرین ِمحفل کو عید کی مبارکبادپیش کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت مولانا محمد اسلم سروری قادری نے حاصل کی۔ اس کے بعد محسن رضا سلطانی نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی شانِ اقدس میں ایک خوبصورت منقبت پیش کی۔ محمد فاروق ضیاء سروری قادری نے اختتامی دعا کروائی۔ محفل کے بعد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے عید قربان کے متعلق مریدین سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ پاک نے فرمایا ہے ’’قربانی کے جانوروں کا گوشت اور خون اللہ کی بارگاہ میں نہیں پہنچتا بلکہ اللہ کی بارگاہ میں تمہارا تقوی پہنچتا ہے‘‘۔ آپ مدظلہ الاقدس نے مزید فرمایا کہ راہِ فقر میں نفس کی قربانی سب سے زیادہ اہم ہے۔ جس نے نفس کو قربان کر دیا وہی کامیاب ہے۔‘‘ اس کے بعد آپ مدظلہ الاقدس سلطان العاشقین ہاؤس تشریف لے گئے۔ حاضرین ِمحفل کے لئے لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا تھا۔

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطا ن محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے آن لائن بیعت کے ذریعے ذکر و تصور اسم ِ اللہ ذات عطا فرمانے کا سلسلہ شروع کر کے فقر کی تاریخ میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔
بین الاقوامی مرد و خواتین کے لیے بھی ذکروتصور اسم اللہ ذات کاحصول آسان ہو گیا۔ دنیا کے ہر ملک سے مر دو خواتین بیعت ہورہے ہیں۔

لاہور(ویب سائٹ نیوز) موجودہ دور سے قبل سلسلہ سروری قادری میں بیعت ہونے اور ذکر و تصور اسم ِ اللہ ذات کا خزانہ حاصل کرنے کے لیے کم از کم ایک مرتبہ مرشد کامل اکمل کی بارگاہ میں حاضر ہونا ضروری تھا۔ جوں جوں اللہ تعالیٰ آپ مدظلہ الاقدس کی شان اور مراتب کو عروج عطا فرما رہا ہے آپ مدظلہ الاقدس بھی متلاشیانِ حق کو فقر کا فیض عطا کرنے کے لیے آسانیاں اور سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس کے روحانی فیض کے لامحدود ہونے کا ثبوت یہ ہے کہ طالب بیعت کے لیے بھی جسمانی پابندیوں سے آزاد ہے۔ اس سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ آپ مدظلہ الاقدس کی روحانی قوت زمان و مکان کی قید سے آزاد ہے۔ کسی بھی رنگ ونسل یا فرقہ کا فرق روا رکھے بغیر تمام متلاشیانِ حق کے لیے آپ مدظلہ الاقدس کے فیض کے دروازے کھلے ہیں۔ جولائی 2019ء میں آن لائن بیعت ہونے والوں میں پیرس سے قیصر ریاض، بنگلہ دیش سے عبدالسبحان، ماریشس سے محمد علی، انڈیا سے محمد صدیق، سری نگر کشمیر سے قیصر احمد، انگلینڈسے عابد شریف، ملائیشیا سے عارف اقبال اور بے شمار خواتین بھی بیعت کی سعادت سے بہر ہ مند ہوئیں۔ صحبت ِ مرشدمیں ہی طالب مرشد سے فیض حاصل کرتا ہے ۔

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ہر اتوار مرکزی خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں مریدین سے ملاقات کے لیے تشریف فرما ہوتے ہیں۔

لاہور(پریس ریلیز) اعلیٰ سے اعلیٰ مرتبے کا ولی بھی کسی نہ کسی ولی ِ کامل کا بیعت اور صحبت یافتہ ہوتا ہے۔ خلق ِخدا کی رہنمائی کے لیے بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ہر اتوار مرکزی خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں دور دراز سے آنے والے اور مقامی مریدین سے ملاقات فرماتے ہیں اور نگاہِ کامل سے ان کا تزکیہ ٔ نفس فرماتے ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس موجو دہ دور کے مرشد کامل اکمل اور سلسلہ سروری قادری کی مسند ِتلقین و ارشاد پر فائز ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کے سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخ ِکامل ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس نئے آنے والے ساتھیوں کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرماتے ہیں اور بیعت کے پہلے دن ہی طالبانِ مولیٰ کو مشق مرقومِ وجودیہ، ذکر و تصور اسم اللہ ذات اور سلطان الاذکار ھو عطا فرماتے ہیں۔

یومِ ولادت سلطان العاشقین کے سلسلہ میں27جولائی2019کو تحریک دعوتِ فقر کی مجلس ِ شوری کا اجلاس
یوم ولادت سلطان العاشقین تمام طالبانِ مولیٰ کے لیے ایک انتہائی اہم دن ہے،
منتظم اعلیٰ کا مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب
جشن ولادت سلطان العاشقین جوش و خروش اور منظم انداز سے منائیں گے،مجلس شوریٰ کا عزم

لاہور(پریس ریلیز) 27جولائی2019بروز ہفتہ دفتر تحریک دعوتِ فقر لاہور میں منتظم ِاعلیٰ ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری کی صدارت میں تحریک دعوتِ فقر کی مجلس ِشوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 19 اگست کو ’’یومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس‘‘ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ جنرل سیکریٹری تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری نے حاضرین ِ اجلاس کو یوم ولادت سلطان العاشقین کی محفل کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے ملاقات کی ترتیب، لنگر، سجاوٹ، استقبال، ساتھیوں کی ڈیوٹیاں اور موسمی صورتحال کی منصوبہ بندی کی گئی۔ ممبران نے اپنی تجاویز دیں جن میں سے اکثر کو منظور کر لیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پہ منتظم ِاعلیٰ ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے تمام ممبران مجلس ِشوریٰ کو انتظامی معاملات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔

مجلس ِ شوریٰ کے اجلاس کے بعدیوم ولادت سلطان العاشقین کے سلسلہ میں تحریک دعوتِ فقر کی جنرل کونسل کا اجلاس
یوم ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس بہت ہی مبارک اور اہم دن ہے،ممبران جنرل کونسل انتظامیہ کے شانہ بشانہ حصہ لیں،ناصر مجید سروری قادری صدر جنرل کونسل کا اجلاس سے خطاب اور تیاریوں کا جائزہ

لاہور (پریس ریلیز) صدر جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر ناصر مجید سروری قادری کی صدارت میں 4اگست 2019 بروز اتوار خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر بھی موجود تھی۔ صدر جنرل کونسل نے یہ اجلاس یومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تیاریوں کے حوالے سے طلب کیا تھا۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ مولانا محمد اسلم سروری قادری نے تلاوتِ قرآنِ مجید کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد صدر جنرل کونسل نے حاضرین ِ اجلاس کو خوش آمدید کہا اور اجلاس کے ایجنڈا سے آگاہ کیا۔ صدر جنرل کونسل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے حاضرین کو حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے حکم کے مطابق منتظم ِاعلیٰ ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری صاحب کا بھرپور ساتھ دینے اور متحد ہو کر تحریکی سرگرمیوں، خصوصی طور پر مسجد و نئی خانقاہ کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تاکید کی۔ انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس بہت ہی مبارک اور اہم دن ہے۔ ممبران جنرل کونسل کو انتظامیہ کے شانہ بشانہ حصہ لینے کی تاکید کی۔ جنرل کونسل کے جنرل سیکرٹری جواد اقبال سروری قادری نے ممبران کو اپنی کارکردگی مزید بہتر کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر کے انتظامی معاملات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ممبران کو تحریک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممبران جنرل کونسل دستور اور قواعد و ضوابط کے مطابق تحریکی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے حاضرین ِاجلاس کو عید ملن تقریب اور تقریب ِسعید یومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی منصوبہ بندی اور مختلف ذمہ داریوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ممبران جنرل کونسل نے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ اجلاس کے اختتام پر مولانا محمد اسلم سروری قادری نے دعا کروائی۔

یومِ ولادت سلطان العاشقین کی محفل کی سیکورٹی کے انتظامات کے سلسلہ میں چیف سیکورٹی آفیسر تحریک دعوتِ فقر کی صدارت میں شعبہ سیکورٹی کا اجلاس
یومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے موقع پر فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے،منتظم ِ اعلیٰ ملک محمد نعیم عباس کھوکھر کا اجلاس سے خطاب

لاہور(نیوز رپورٹر) 28جولائی 2019 یوم ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی محفل کی سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شعبہ سیکورٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر بھی موجود تھی۔ نگران شعبہ سیکورٹی محمد مقبول سروری قادری نے ممبران کی کارکردگی پر گفتگو کی اور اچھی کارکردگی دکھانے والے ممبران کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ 11اگست 2019کو نگران شعبہ سیکورٹی محمد مقبول سروری قادری کی نگرانی میں مرکزی دفتر تحریک دعوتِ فقر لاہور میں عید ملن تقریب اور یومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس کے مواقع پرسیکورٹی کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ منتظم اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے شعبہ سیکورٹی کو فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے اجلاس میں ممبران سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ تمام ساتھی خلوصِ دل سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں تاکہ سیکورٹی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔

خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں خانقاہ نشینوں کے لیے بروقت میڈیکل کی سہولتوں کا انتظام۔
ڈاکٹر حسنین محبوب سروری قادری کی نگرانی میں ہر اتوار کو خانقاہ سروری قادری میں ایک میڈیکل کیمپ کا انعقاد ہوگا۔

لاہور (پریس ریلیز) 4اگست 2019بروز اتوار مرکزی انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کا خانقاہ کے مختلف امور سے متعلق منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری کی صدارت میں ایک اجلاس کا انعقاد ہوا۔منتظم ِاعلیٰ نے خانقاہ نشینوں کی بہتری کے لئے اقدامات پر زور دیا۔ آپ نے خانقاہ کے نگران محمد رمضان باھو کو ہدایات جاری کیں کہ خانقاہ نشینوں کی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔ اور خانقاہ میں مستقل میڈیکل کی سہولتوں کا اہتمام کیا جائے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر حسنین محبوب سروری قادری کی نگرانی میں ہر اتوار خانقاہ سروری قادری میں ایک میڈیکل کیمپ لگے گا۔ ساتھی اپنی صحت کے متعلق مفت مشورہ حاصل کر سکیں گے۔

ویب سائٹ پروموشن ونگ کا شعبہ کی کار کر دگی کو بہتر بنانے اور تحریکی سرگرمیوں کو منظم انداز میں پیش کرنے کے لیے مختلف مواقع پر اجلاس کا انعقاد۔
ویب سائٹ پروموشن ونگ کا شعبہ کی کار کر دگی کو بہتر بنانے اور تحریکی سرگرمیوں کو منظم انداز میں پیش کرنے کے لیے۔ نگرانِ اعلیٰ محمد عبد اللہ اقبال کی صدارت میں اجلاس کا انعقاد۔
اجلاس کا مقصد فقر کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہچانے میں تحریک دعوتِ فقر کی ویب سائٹس کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے تاکہ دنیا بھر سے لوگ آن لائن بیعت ہو سکیں۔

لاہور(نیوز رپورٹر) 06 جولائی 2019 کو شعبہ ویب پروموشن کی معاون کمیٹی کے انچارج ناصر مجید سروری قادری کی زیر صدارت ویب پروموشن کے ممبران کاایک اجلاس مرکزی دفتر تحریک دعوت ِ فقر لاہور میں منعقد ہوا جس میں مستقبل کے لائحہ عمل اور نئے ممبران کی تقرری پر گفتگو ہوئی۔ دوسرا اجلاس 13 جولائی 2019 کو منعقد ہوا جس میں اس بات کو لازمی قرار دیا گیا کہ ممبران ماہانہ اجلاس میں لازمی شرکت کریں تاکہ مسائل کو بہتر طریقے سے حل کیا جائے۔ ٹیکنیکل ٹیم میں نئے ممبران کی تقرری کی جائے۔ 21 جولائی 2019 کو شعبہ کا تیسرا اجلاس نائب انچارج ویب پروموشن فیضان یٰسین سروری قادری کی نگرانی میں منعقد ہوا جس میں ویب پروموشن کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے مشاورت کی گئی۔ جون 2019 کی رپورٹس کے مطابق مستقبل کے لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی۔نئے ممبران کی تقرری ہوئی۔ نئے آنے والے ممبران کو فہد شہزاد سروری قادری نے تفصیلاً شعبہ ویب پروموشن اور اس کے مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا۔
نگرانِ اعلیٰ ویب پروموشن ونگ محمد عبداللہ اقبال سروری قادری صاحب کی صدارت میں 12اگست 2019 بروز سوموار عیدملن تقریب کے بعدخانقاہ سلسلہ سروری قادری میں اجلاس کا منعقد ہوا۔ انتظامیہ تحریک دعوتِ فقرکو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیاتھا۔ محمد عبداللہ اقبال سروری قادری صاحب نے شرکائے اجلاس سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ تحریک دعوتِ فقر کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے از حد ضروری ہے کہ ویب پروموشن تحریک دعوتِ فقر کی تمام ویب سائٹس کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیٹ پر پھیلائے تاکہ فقرکا پیغام دنیا کے کونے کونے تک پہنچ سکے۔ خاص کر جو لوگ بیرونِ ملک ہونے کی وجہ سے پاکستان آنے سے قاصر ہیں ان کے لیے آسانی پیدا کی جا سکے کہ وہ مرشد پاک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دست ِ اقدس پر آن لائن بیعت ہوکر اسم اللہ ذات کا فیض حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویب پروموشن میں ڈیوٹی کرنے کی دعوت ملکی اور بین الاقوامی مریدین کو خاص طور پر دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ طالبانِ مولیٰ کو موقع مل سکے کہ و ہ اللہ پاک کی خوشنودی حاصل کر سکیں۔ جب ہر ممبر شوق سے اپنی ذمہ داری اداکرے گاتب ہی ہم اپنے اہداف جلد از جلد حاصل کرسکیں گے۔

تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ دعوت و تبلیغ کی سرگرمیاں بھی عروج پر
لاہور کے مختلف علاقوں میں فقر کا پیغام پھیلایا جارہا ہے،عوام الناس کو اسم ِاللہ ذات کے ذکر و تصور کی دعوت دی جارہی ہے

لاہور(نیوز رپورٹر ) 19 جولائی 2019 ء مولانامحمد اسلم سروری قادری نے جامع مسجد آمنہ فتح گڑھ لاہور میں خطبہ دیا اور نماز ِ جمعہ کی امامت کی۔ عوام الناس کو اسم ِ اعظم اسمِ اللہ ذات کے ذکر اور تصور سے تفصیلی آگاہ کیا اور خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں آنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کا اسٹال بھی لگایا گیا اور ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی تقسیم کیے گئے۔ نگرانِ اعلیٰ شعبہ دعوت و تبلیغ محمد ارشد رمضان سروری قادری کی نگرانی میں 3اگست 2019کو مولانا محمد اسلم سروری قادری اور دیگر ممبران نے جامع مسجد مزمل اکبر چوک ٹاؤن شپ لاہور میں عوام الناس کو اسم ِاعظم کی دعوت دی اور ماہنامہ سلطان الفقر بھی تقسیم کئے۔سب کو 19اگست یومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے پرنور موقع پر خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں آنے کی دعوت دی گئی۔ 6ا گست 2019 ممبران شعبہ دعوت و تبلیغ نے کوٹھا پنڈبازار نمبر2 فیصل ٹاؤن میں دعوت و تبلیغ کا کام کیا۔ 7اگست 2019 کو مڑیاں چوک ماڈل ٹاؤن میں دعوت و تبلیغ کا کام کیا گیا۔ مولانا محمد اسلم سروری قادری نے جامع مسجد غوثیہ طارق بلاک ماڈل ٹاؤن میں درس دیا۔ درس کے بعدلوگوں کے ساتھ گفتگو کی اور ماہنامہ سلطان الفقر تقسیم کئے۔ عوام الناس کو 19اگست یومِ ولادت سلطان العاشقین کے پروگرام کی دعوت دی۔ 9اگست 2019کو شعبہ دعوت و تبلیغ کے ممبران نے مرکزی جامع مسجدکنزالایمان جوہر ٹاؤن میں عوام الناس کو اسمِ اللہ ذات کی دعوت دی اور ماہنامہ سلطان الفقر بھی تقسیم کئے۔ شعبہ دعوت و تبلیغ میں نئے ممبران کی تربیت کا سلسلہ بھی تمام ماہ جاری رہا۔

تحریک دعوتِ فقر کی علاقائی جماعتیں بھی فقر کا پیغام پھیلانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں

ہارون آباد (نیوز رپورٹر) 5جولائی 2019 کو تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد اور تحریک دعوتِ فقر پنڈی گھیب نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کا اسٹال لگایا اور عوام کو ذکر و تصور اسمِ اللہ  ذات حاصل کرنے کی دعوت دی۔ 2اگست 2019 کو تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد نے گرائونڈ والی مسجد میں سلطان الفقر پبلیکشنز کی کتب کا اسٹال لگایا۔ عوام الناس کو فقرکی دعوت دی اور اسم ِاعظم کے متعلق آگا ہ کیا۔ 9اگست 2019 کو تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد میں محمد مظہر حسین سروری قادری کی صدارت میں ایک اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں ہارون آباد اور گردنواح میں تحریکی سرگرمیوں کو بڑھانے پر زور دیا گیا نیز 19 اگست یومِ ولادت سلطان العاشقین کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

اسلام آباد(نیوز رپورٹر) 16جولائی 2019 کو تحریک دعوتِ فقر اسلام آباد نے کہوٹا میں موجود مریدین کو 19 اگست یومِ ولادت سلطان العاشقین کے پروگرام کی دعوت دی اور اسمِ اللہ ذات اور صحبت ِ مرشد کی افادیت کے بارے میں بتایا اورساتھیوں کو علاقائی سطح پر ہونے والے ہفتہ وار اجلاس میں باقاعدگی سے شرکت کی دعوت دی۔

جہلم (نیوز رپورٹر) 19 جولائی 2019 ء کو تحریک دعوتِ فقر جہلم نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کا اسٹال لگایا۔ لوگوں نے کتب کو خوب پسند کیا۔ عوام نے بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصنیف ِ مبارکہ ’’شمس الفقرا‘‘ میں خصوصی دلچسپی لی۔ اسٹال پر آنے والے افراد کو اسمِ اللہ ذات اور 19 اگست یوم ولادت سلطان العاشقین پر خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور آنے کی دعوت دی۔تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد نے عوام الناس کو اسمِ اللہ  ذات کی دعوت دی اور سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کا اسٹال لگایا۔

سلطان الفقر پبلیکیشنز نے کتب اورماہنامہ سلطان الفقر کی مارکیٹنگ کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اجلاس کا انعقاد

لاہور(نیوز رپورٹر)مرکزی دفتر تحریک دعوتِ فقر میں شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کا اجلاس نگران احسن علی سروری قادری کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب اور ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کی مارکیٹنگ کو مزید مؤثر بنانے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دیا گیا۔

ترجمان تحریک دعوتِ فقر پاکستا ن کی زیر ِ نگرانی تحریک میں ایک نئے شعبہ کا اضافہ جماعت کی سرگرمیوں سے باخبر رکھنے کے لئے ”شعبہ اطلاعات و نشریات” قائم کر دیا گیا ہے

لاہور(پریس ریلیز) دستور تحریک دعوت فقر کی شق نمبر 2 کے تحت ایک نیا شعبہ قائم کیا گیا ہے جس کا نام ’’شعبہ اطلاعات و نشریات‘‘ (Department of Information & Broadcasting)ہے۔ اس شعبہ کا سربراہ دستور تحریک دعوتِ فقر کی شق نمبر 4 (د) میں بیان کردہ ’’ترجمان تحریک دعوتِ فقر‘‘ہو گا۔ ’’شعبہ اطلاعات و نشریات‘‘کے زیر اہتمام تحریکی سرگرمیوں کوخبروں کی شکل میں پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد تحریک دعوتِ فقر کے ممبران کو تحریکی سرگرمیوں سے باخبر اور عوام الناس کو تحریک کے مقاصد سے آگاہ کرتے رہنا ہے۔ یہ سلسلہ برقرار رکھنے کے لئے ترجمان تحریک دعوتِ فقر نے ہر شعبہ کے نگران سے درخواست کی ہے کہ اپنے شعبہ سے ایک ممبر کو بطور ’’رپورٹر‘‘ نامزد کریں جو متعلقہ شعبہ کے ہونے والے اجلاس کی تفصیلات، تصاویر اور دیگر ضروری مواد شعبہ اطلاعات و نشریات کو بھیجنے کا ذمہ دار ہو گا۔ رپورٹر کا اپنے شعبہ سے متعلق سرگرمیوں سے آگاہ رہنا اور بروقت خبریں پہنچانا ضروری ہوگا۔

شعبہ دعوت و تبلیغ کی زیر نگرانی داعی محمد فاروق ضیاء سروری قادری کا مپالکہ اور گبہ فاضل ضلع اوکاڑہ اور اوکاڑہ شہر کا تبلیغی دورہ

اوکاڑہ(نیوز رپورٹر )محمد فاروق ضیاء سروری قادری نے مپالکہ اور گبہ فاضل تحصیل رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ اور اوکاڑہ شہر کا تبلیغی دورہ کیا اور مقامی تحریک دعوت ِ فقر کو منظم کیا۔ عوام الناس کو راہِ فقر کی دعوت دی گئی۔ مرشد کامل اکمل اور اسم ِ اعظم کے متعلق آگاہ کیا گیا۔ محمد فاروق ضیاء سروری قادری نے مرشد کامل اکمل اور اسم ِ اعظم کے موضوع پر جامع بیان حاضرین کے گوش گزار کیا۔ ساتھیوں کو تحریکی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور یوم ولادت سلطان العاشقین کے پرُ نور موقع پر خانقاہ آنے کی دعوت دی۔

سوشل میڈیا ونگ نے 19 اگست کو یومِ ولادت باسعادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس منانے کے لئے لائحہ عمل مرتب کر لیا

لاہور(نیوز رپورٹر) 14جولائی 2019 کو شعبہ سوشل میڈیا کے نگرانِ اعلیٰ کی صدارت میں شعبہ کے تمام نگرانوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 19 اگست یومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے لئے لائحہ عمل ترتیب دینے کے لیے مشاورت کی گئی۔ مشاورت کے بعد منصوبہ بندی ترتیب دی گئی۔ 17 جولائی 2019 کو مرکزی دفتر تحریک دعوتِ فقر لاہور میں سوشل میڈیا ونگ کا ایک اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نگرانِ اعلیٰ ڈاکٹر حسنین محبوب سروری قادری صاحب نے یومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے لئے سوشل میڈیا کے لائحہ عمل سے ممبران کو آگاہ کیا اور لائحہ عمل تحریری طور پر انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کو پیش کیا۔

عید ملن تقریب

(رپورٹ وقار احمد)

حضرت ابراہیم علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے سب سے پہلے عاشق مشہور ہیں۔ عشق ِ حقیقی کی راہ پر آپ علیہ السلام نے بے شمار آزمائشوں اور تکالیف کو بلا چوں و چراں برداشت کیا۔ آپؑ کی زندگی کا ہر پہلو ایثار و قربانی سے بھرپور ہے لیکن ان تمام تر واقعات میں ایک قربانی اللہ ربّ العزت کو اِس قدر پسند آئی کہ اللہ تعالیٰ نے رہتی دنیا تک مسلمانوں کو ہر سال اُسے دہرا کر ابراہیم خلیل اللہ کی قربانی کی یاد تازہ کرنے کا حکم دے دیا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ بے اولادی میں گزارنے کے بعد بڑھاپے میں اللہ تعالیٰ کی قدرت سے ملنے والی اولاد کو اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق ذبح کرنے میں کسی قسم کا رنج و ملال، غم و غصہ یا افسردگی ظاہر نہ کی۔ خواب میں اللہ پاک کی طرف سے ملنے والے حکم کو اپنے بیٹے حضرت اسماعیل ذبیح اللہ سے بیان کرنے‘ گھر سے نکل کر جائے قربان تک پہنچنے اور بیٹے کی گردن پر چھری چلانے تک ہر ہر معاملے میں جس صبرو استقامت کا اظہار حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کیا وہ بارگاہِ ربوبیت میں منظور و مقبول ہوا جو ایک صریح آزمائش تھی۔ اگر اللہ تعالیٰ حضرت اسماعیل علیہ السلام کی جگہ جنت سے دنبہ نہ بھیجتا توحضرت ابراہیم علیہ السلام اپنی آنکھوں پر پٹی باندھے اپنے بیٹے کی گردن پر چھری چلا ہی چکے تھے لیکن درحقیقت اللہ تعالیٰ کو باپ کے ہاتھوں بیٹا ذبح کروانا مقصود نہیں تھا بلکہ اپنے عاشق کے جذبہ ٔ عشق کو پرکھنا تھا لہٰذا حضرت اسماعیل علیہ السلام بالکل محفوظ رہے اور اللہ تعالیٰ نے انکی قربانی کو ’ذبح ِ عظیم‘ سے بدل دیا۔ 10ذوالحج کو عالم ِ اسلام اسی سنت ِ ابراہیمی ؑکو ادا کرنے کے لئے اللہ کی راہ میں جانور ذبح کرکے عید مناتے ہیں جسے ’عید الاضحی‘ یا ’عید ِ قربان‘ کہا جاتا ہے۔
عید خوشی کا موقع ہے اس لئے تمام مسلمان اپنے اپنے انداز میں خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ اسلام ایک مکمل ضابطہ ٔ حیات ہے جو ہمیں ہر طرح کے حالات میں اللہ کی قائم کردہ حدود کے مطابق چلنا سکھاتا ہے ۔ ایک بندہ ٔ مومن کو خوشی کے موقع پر کس طرح اپنے جذبات کا اظہارکرنا چاہئے‘ اس کا جواب ایک فقیر ِ کامل کی بارگاہ سے بہتر اور کہاں مِل سکتا ہے۔
قارئین کرام ! آئیے آپ کو دورِ حاضر کے فقیر ِ کامل، انسانِ کامل اور مجددِ دین سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی خانقاہ میں ہونے والی عید ملن تقریب میں لئے چلتے ہیں تاکہ ہم یہ جان سکیں کہ اللہ کے محبوب و مقرب بندے کس طرح اللہ کی رضا کے عین مطابق اپنی خوشیوں کا اظہار کرتے ہیں۔
12اگست 2019ء بمطابق 10ذوالحج 1440ھ سوموار کے روز تحریک دعوتِ فقر کے مرکزی دفتر و خانقاہ سلسلہ سروری قادری 4-5/A ایکسٹینشن ایجوکیشن ٹاؤن، وحدت روڈ لاہور میں عید الاضحی کے پُر مسرت موقع پر ایک عید ملن تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ نمازِ عید کی ادائیگی کے فوراً بعد سے ہی اللہ ربّ العزت کی راہ میں جانور قربان کرنے کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے لہٰذا خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں بھی سنت ِ ابراہیمی ؑ کی ادائیگی کے لئے بیس (20) عدد بکرے اللہ کی راہ میں قربان کئے گئے۔ چونکہ صبح کے وقت خانقاہ میں قربانی کا سلسلہ انتہائی جوش و خروش سے جاری تھا اس لئے عید ملن تقریب کا وقت بعد از نمازِ مغرب طے کیا گیا تھا۔ عید کی مناسبت سے خانقاہ کو تحریکی جھنڈیوں سے دیدہ زیب انداز سے سجایا گیا ۔ اس کے ساتھ ساتھ سلطان العاشقین ہاؤس کو بھی انتہائی دلکش انداز سے برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ دور دراز علاقوں سے مریدین اور عقیدتمندوں کی آمدکا سلسلہ نمازِ عصر سے ہی شروع ہو چکا تھا۔ تقریب کی تیاریوں کے باعث خانقاہ میں دن بھر گہماگہمی اور رونق کا سماں رہا۔ دوسری طرف سلطان العاشقین ہاؤس میں خواتین اور بچوں کی آمد کا سلسلہ جاری تھا۔ سلطان العاشقین ہاؤس میں کی گئی خوبصورت سجاوٹ اور برقی قمقموں سے بچے خوب محظوظ ہوتے رہے۔
نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعد سلطان العاشقین ہاؤس میں خواتین کی عیدملن تقریب کا آغاز ہوا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے دور دراز علاقہ جات سے آئی ہوئی خواتین کو عید الاضحی کی مبارکباد دی اور مختصر گفتگو فرمائی۔ خواتین مریدین سے ملاقات کے بعد آپ مدظلہ الاقدس تحریک دعوتِ فقر کے سیکورٹی دستے کے ہمراہ خانقاہ سلسلہ سروری قادری کی جانب روانہ ہوئے۔ خانقاہ میں تمام مریدین اور عقیدتمند نہایت بے تابی سے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی آمد کا انتظار کر رہے تھے۔ تمام ساتھی انتہائی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مرشد کریم کی گزر گاہ کے دونوں جانب قطاروں کی شکل میں ادب سے کھڑے تھے۔ اپنے مرشد اور شفیق والد محترم کا پُر تپاک استقبال کرنے کے لئے صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب سروری قادری صاحب بھی انتہائی ادب، عقیدت اور شوق سے ہاتھوں میں گلدستہ لئے خانقاہ کے داخلی راستے کے عین قریب کھڑے تھے۔ یاد رہے کہ صاحبزادہ سلطان محمدمرتضیٰ نجیب‘ سلطان العاشقین کے خلیفہ بھی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دوسرے دونوں خلفاء عبد اللہ اقبال سروری قادری اور ڈاکٹر حسنین محبوب سروری قادری بھی استقبال کے لئے گلدستے لئے کھڑے تھے۔ ان کے ساتھ تحریک دعوتِ فقر کے منتظم ِ اعلیٰ جناب ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری بھی موجود تھے اور ہاتھ باندھے اپنے مرشد پاک کی آمد کے منتظر تھے۔ پوری خانقاہ عشق اور ادب کی اک دلکش تصویر کا منظر پیش کر رہی تھی۔ ان تمام تر جذبات کے لئے عقیدت، محبت، عاجزی اور ادب جیسے جو بھی الفاظ استعمال کئے جائیں کم ہیں جو محض ایک فقیر ِ کامل انسانِ کامل ولی اللہ کی بارگاہ میں ہی دیکھنے کو مِل سکتے ہیں۔
رات تقریباًآٹھ بجے کا وقت تھا۔ جونہی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس رونق افروز ہوئے‘ خانقاہ اور گردو نواح کے در و دیوار ذکر ِ یَا ھُو سے لرز اُٹھے۔ سفید لباس میں ملبوس سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس آسمان پر موجود روشن چاند کو گہنا رہے تھے۔ اُس پر ہلکے سبز رنگ کی واسکٹ اور پاؤں میں سنہری کھسہ آپ مدظلہ الاقدس کے حُسن کو چار چاند لگا رہے تھے۔ یوں معلوم ہوتا تھا کہ اللہ پاک نے یہ محفل مصلحتاً رات کے وقت ہونا منظور فرمائی تاکہ عوام الناس اس ولی اللہ فقیر ِ کامل جامع نور الہدیٰ کے حسین نورانی جلوئوں کی ایک جھلک کا خوبصورت نظارہ کر سکیں۔ سبحان اللہ!
سب سے پہلے تحریک دعوتِ فقر کے منتظم ِ اعلیٰ جناب ملک محمد نعیم عباس کھوکھرسروری قادری صاحب نے آگے بڑھ کر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی خدمت میں گلدستہ پیش کیا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے انتہائی خوش دلی سے ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری کو گلے لگا کر عید ملی۔ اس کے بعد صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب سروری قادری صاحب نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی خدمت میں گلدستہ پیش کرکے خوش آمدید کہا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے مسکراتے ہوئے صاحبزادہ صاحب کو گلے لگایا اور عید کی مبارکباد پیش کی۔ صاحبزادہ صاحب کے بعد آپ مدظلہ الاقدس کے دیگر خلفاء ‘ ڈاکٹر حسنین محبوب سروری قادری اور عبد اللہ اقبال سروری قادری نے بھی آپ مدظلہ الاقدس کو گلدستے پیش کرتے ہوئے استقبال کیا اورآپ مدظلہ الاقدس نے ان دونوں کوبھی گلے لگا کر عید کی مبارکباد دی۔ جوں جوں آپ مدظلہ الاقدس کے قدم مبارک اپنی نشست کی جانب بڑھ رہے تھے توں توں مریدین اور عقیدتمندوں کے دل کی دھڑکنیں بھی تیز ہوتی چلی جا رہی تھیں۔ چند لمحوں بعد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اپنی مسند پر پہنچ گئے اور ساتھیوں سے فرداً فرداً عید ملنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ سلطان العاشقین نے بوڑھوں اور نوجوانوں سے گلے مِل کر عید کی مبارکباد پیش کی جبکہ ننھے مُنے بچوں کے سر پر دست ِ شفقت پھیرا۔ ملاقات کے دوران ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری صاحب نے تقریب کی نقابت کے فرائض سنبھال لئے۔ کچھ دیر بعد ملاقات کا سلسلہ ختم ہو گیا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اپنی مسند پر جلوہ افروز ہوئے اور مریدین آپ مدظلہ الاقدس کی نگاہِ کامل سے مستفید ہونے کے لئے انتہائی عاجزی اور ادب سے آپ مدظلہ الاقدس کے رُو برو بیٹھ گئے اورتشنگانِ فقر دیدارِ مرشد سے اپنی اپنی استطاعت کے مطابق اپنے جام بھرنے لگے۔ ملک محمدنعیم عباس کھوکھر سروری قادری صاحب نے بِلا تعطل محفل کا آغاز فرمایا اور آنیوالے تمام مریدین اور عقیدتمندوں کو تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے خوش آمدید کہا اور عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی۔ آپ نے حضرت امیر خسروؒ کے اس خوبصورت شعر کے ساتھ مولانا محمد اسلم سروری قادری کو تلاوت کلام پاک کے لئے سٹیج پر بلایا:
عید گاہ ما غریباں کوئے تُو
انبساط عید دیدن روئے تُو
ترجمہ: ہم جیسوں کی اصل عید تو آپکی گلی میں پہنچ جانا ہے۔ عید کی حقیقی خوشی تو آپ کا چہرہ دیکھتے رہنا ہے۔
مولانا محمد اسلم سروری قادری نے قرآن کریم کی چند آیات مع ترجمہ تلاوت فرما کر حاضرین ِ محفل پر سنت ِ ابراہیمی ؑ کی اہمیت اجاگر کی۔ تلاوتِ قرآن مجید کے بعد ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے محسن رضا سلطانی کو منقبت در شان سلطان العاشقین پڑھنے کے لئے سٹیج پر دعوت دی۔ محسن رضا سلطانی نے مرزا سلیمان سروری قادری کی لکھی ہوئی خوبصورت منقبت
اے حبیب ِ خدا ‘ اے ابُو المرتضیٰ
ربّ کے سب عاشقوں کا تو سلطان ہے
اپنی منفرد آواز اور خوبصورت انداز میں پڑھنا شروع کی تو محفل میں ایک سماں بندھ گیا۔ حاضرین ِ محفل جھوم جھوم کر داد دینے پر مجبور ہو گئے اور فضا امامِ مبین سلطان العاشقین، مجدد ِ دین سلطان العاشقین، فقر کا مرکز سلطان العاشقین اور سلطان العاشقین زندہ باد جیسے نعروں سے گونج اٹھی۔ محسن رضا سلطانی کی خوبصورت آواز میں منقبت کے بعد محمد فاروق ضیاء سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔ دعائے خیر کے بعد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے حاضرین ِ محفل سے فلسفہ ٔعید کی حقیقت بیان کرنے کے لئے لب کشائی فرمائی۔ سلطان العاشقین نے فرمایا کہ اصل قربانی اپنے نفس کو قربان کرنا ہے۔ اس بات کو سمجھانے کے لئے آپ مدظلہ الاقدس نے اپنے ذاتی تجربے اور مشاہدات کے ذریعے وضاحت فرمائی کہ جب آپ مدظلہ الاقدس نے سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی ؒ کے دست ِ اقدس پر بیعت فرمائی اُ س وقت آپ مدظلہ الاقدس نہ صرف صاحب ِ نصاب تھے بلکہ اللہ پاک نے دنیا کی ہر نعمت سے مالا مال کر رکھا تھا لیکن جس سال آپ مدظلہ الاقدس کے مرشد پاک سلطان الفقر ششمؒ کا وصال مبارک ہوا تب یہ حالات تھے کہ آپ اپنا سب کچھ اللہ کی راہ میں قربان کر چکے تھے۔ یہاں تک کہ آپ صاحب ِ نصاب بھی نہ رہے جس کے باعث اُس سال عید الاضحی پر قربانی نہ کرسکے۔ آپ مدظلہ الاقدس نے اپنا تمام مال و متاع اپنے مرشد کے قدموں پر نچھاور کر کے اپنے نفس کی قربانی دی اور عشق کے میدان میں ایک نیا باب رقم کیا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے بار ہا نفس کی قربانی کا ذکر دہرا کر حاضرین ِ محفل پر اِس امر کی اہمیت اجاگرکی۔
دعائے خیر کے دوران بچیانہ منڈی سے مریدین کا ایک بڑا قافلہ محفل میں شرکت کے لئے پہنچا تھا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے بعد میں آنیوالے تمام ساتھیوں سے بھی فرداً فرداً عیدملی اور پھر محفل سے رخصت چاہی۔
تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ لنگر کی جانب سے شرکائے محفل کے لئے شاندار لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی محفل سے روانگی کے بعد حاضرین ِ محفل کے لئے ایک وسیع و عریض دستر خوان لگایاگیا اور حاضرین محفل انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ ساتھ صف بہ صف بیٹھ کر لنگر سے محظوظ ہونے لگے۔ اس طرح یہ خوبصورت اور دلفریب تقریب طالبانِ مولیٰ اور عاشقوں کے قلوب کو منور کرنے کے بعد اختتام کو پہنچی۔ 

تقریب ِ سعید
بسلسلہ جشن ِیومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس

طالبانِ مولیٰ کے لیے دیدارِ یار سے بڑھ کر خوشی کے لمحات کوئی نہیں ہوتے۔ 19 اگست وہ خوبصورت دن ہے جس دن عاشقوں کے سلطان اور فقرا کی شان سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اس دنیا میں جلوہ افروز ہوئے۔ طالبانِ مولیٰ اور عشاق اس خوبصورت دن کی یاد میں ایک روحانی محفل کا انعقاد کر کے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے چہرہ مبارک کے دیدار سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
19اگست 2019ء بروز سوموار یومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے پُر نور موقع پر خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں بعد نمازِمغرب ایک پُر مسرت تقریب کا اہتمام کیا گیاتھا۔ تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ کمیٹی اور شعبہ جات نے بہت پہلے سے ہی ’’جشن ِ ولادت سلطان العاشقین‘‘ کی تیاریوں کا آغاز کر دیا تھا ۔اسی سلسلے میں تیاریوں کی منصوبہ بندی کو مکمل کرنے کے لیے ’’مجلس ِشوریٰ اور جنرل کونسل کے اجلاس کا بھی انعقاد ہوا۔ شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی نگرانی میں ہر ماہ تیار ہونے والے ’’ماہنامہ سلطان الفقر ‘‘ میں شانِ سلطان العاشقین اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی فقر کا پیغام پوری دنیا میں پھیلانے کی جدوجہد پر خصوصی ’’سلطان العاشقین نمبر‘‘بھی شائع کیا گیا۔ ملک بھر میں طالبانِ مولیٰ اور عقیدتمندوں کو اس پُرنور محفل میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
یہاں پر یہ بات بتاتے چلیں کہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس نے دعوتِ فقر کو عوام الناس تک پہنچانے کے لیے اگست 2006میں ماہنامہ سلطان الفقر کی اشاعت کا آغازفرمایا۔ یوں ماہنامہ سلطان الفقر کی اگست2019میں پچھلے 13 سالوں سے کامیاب اشاعت جاری ہے۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا یہ مشن کامیابی سے ہمکنار ہوتا رہے۔
جشن ِ ولادت سلطان العاشقین کی خوشی میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے حالاتِ زندگی، آپ کی فقر کے لیے کی گئی جدوجہد اور آپ سے فیض پانے والے طالبانِ مولیٰ کے مشاہدات و تاثرات پر مبنی شائع کردہ کتاب ’’سلطان العاشقین ‘‘ پر خصوصی رعایت بھی دی گئی۔ سوشل میڈیا ونگ تحریک دعوتِ فقر نے بھی ایک مہینہ قبل ہی دنیا کے تمام بڑے سوشل میڈیا ذرائع پر شانِ سلطان العاشقین، ان کی پُر نور اور بارعب روحانی شخصیت اور فقر کا پیغام پوری دنیا میں پھیلانے کے لیے عملی، مالی اور بدنی جدوجہد اور فقر ،لقائے الٰہی، فیض ِ اسم اللہ ذات و اسم محمد، شریعت اور دیگر موضوعات پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے فرامین کو سلائڈز کے ذریعے عام کیا۔ مریدین اور عوام الناس کو پل پل کی خبروں سے آگاہ رکھنے کے لیے فیس بک پر ’’جشن ِ ولادت سلطان العاشقین ‘‘اور ’’سلطان العاشقین ڈے‘‘ کے نام سے ایک ایونٹ بھی بنایا گیا تھا۔ انشاء اللہ فقر کی تاریخ میں 19اگست کو ہمیشہ سلطان العاشقین ڈے کے طور پر منایا جائے گا۔
حالات کے پیش ِ نظر منتظم ِاعلیٰ ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے نگران شعبہ سیکورٹی محمد مقبول سروری قادری کو جشن ِ ولادت سلطان العاشقین کی تقریب ِ سعید کے موقع پر فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ اسی حوالے سے محمد عبداللہ اقبال سروری قادری صاحب کی نگرانی میں سیکورٹی کو منظم رکھنے کے لیے ممبران شعبہ سیکورٹی کی مشق بھی کروائی گئی۔
19اگست 1959کی سحر کی وہ مبارک گھڑی جب سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور اکتیسویں شیخ ِ کامل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اس دنیا میں تشریف لائے۔۔۔۔ یقینا کتنی حسین سحر ہو گی وہ ۔۔۔ 19اگست2019کی سحر بھی انتہائی خوبصورت تھی۔ خوشگوار موسم، مہکتی فضا، چاندنی رات کا حسین منظر۔۔۔۔۔یقینا میرے مرشد سے زیادہ حسین و جمیل نہیں ۔۔۔اور 19اگست کی مبارک تاریخ ْْْ۔۔۔۔۔۔۔۔فوراً ذہن میں سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒؒ کا پنجابی بیت یاد آتا ہے:
چڑھ چناں تے کر رُشنائی، تارے ذِکر کریندے تیرا ھُو
تیرے جیہے چن کئی سَے چڑھدے، سانوں سجناں باجھ ہنیرا ھُو
جتھے چَن اساڈا چڑھدا، اُوتھے قدر نئیں کُجھ تیرا ھُو
جس دے کارن اساں جنم گوایا، باھوؒؒؒؒ یار ملے اک پھیرا ھُو
19اگست کا سہانا روز آگیا اور خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں گہما گہمی شروع ہو گئی۔ خوبصورت لائیٹنگ اور دیدہ زیب پھولوں کے ساتھ سٹیج اور پنڈال کو سجایا گیا تھا۔ مریدین اور حاضرین ِ محفل کے لیے خصوصی لنگر کی تیاریاں صبح سے جاری تھیں۔ تحریک دعوتِ فقر کی علاقائی جماعتوں کے سرپرست بھی اپنے قافلوں کے ہمراہ قبل از محفل خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں پہنچ چکے تھے۔ بعد از نمازِ مغرب سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سلطان العاشقین ہاؤس سے خانقاہ سلسلہ سروری قادری کی جانب روانہ ہوئے۔
خانقاہ شریف پہنچنے پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا ’’جشنِ ولادت سلطان العاشقین زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مریدین ہاتھوں میں تحریک دعوتِ فقر کے جھنڈے لیے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی سواری پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر رہے تھے۔ آپ مدظلہ الاقدس کے خلفاء صاحبزادہ محمد مرتضیٰ نجیب صاحب، محمد عبداللہ اقبال سروری قادری صاحب اور محمد حسنین محبوب سروری قادری صاحب اور منتظم اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری صاحب نے آپ مدظلہ الاقدس کو گلدستے پیش کرتے ہوئے خوش آمدید کہااور یومِ ولادت کی مبارک باد پیش کی۔
آپ مدظلہ الاقدس سٹیج پر اپنی مسند مبارک پر جلوہ افروز ہوئے اور ملک کے طول و عرض سے آئے مریدین سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔ مریدین نے آپ مدظلہ الاقدس کو یومِ ولادت کی مبارکباد اورتحائف پیش کیے۔ ملاقات کے بعد آپ مدظلہ الاقدس کی اجازت سے منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر نے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا۔ منتظم ِاعلیٰ نے تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ کی جانب سے تمام حاضرین ِ محفل کو خوش آمدید کہا اور یومِ ولادت سلطان العاشقین کی مبارکباد دی۔ آپ نے مزید فرمایا کہ شانِ فقر، آفتابِ فقر، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی حیاتِ طیبہ ایک ایسا روشن چراغ ہے جس کا اجالا بندگانِ الٰہی کو راہِ خدا میں آگے بڑھنے میں رہنمائی کررہا ہے۔ آپ نے مولانا محمد اسلم سروری قادری کو سٹیج پر تلاوتِ کلام پاک کی دعوت دی۔ مولانا محمد اسلم سروری قادری صاحب نے سورۃ الرحمن کی آیات ترجمہ کے ساتھ تلاوت کیں۔ جب جب مولانا اسلم ’’فبای الا ربکما تکذبن‘‘ کی تلاوت کرتے تو ذہن میں یہی خیال آتا کہ بیشک سلطان العاشقین طالبانِ مولیٰ کے لیے اللہ پاک کی وہ نعمت ہیں جس کا نہ شکریہ ادا کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی اس نعمت کو جھٹلایا جا سکتا ہے۔
تلاوت کے بعد محمد رمضان باھو نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ ہدیہ نعت پیش کرنے کے بعد منتظم ِاعلیٰ نے محسن رضا سلطانی کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی بارگاہ میں منقبت کے پھول پیش کرنے کی دعوت دی۔ محسن رضا سلطانی نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے جشن ِ ولادت کے خصوصی اور پرنور موقع پر ناصر حمید ناصر سروری قادری کی تحریر کی گئی خوبصورت منقبت کو اپنی خوبصورت اور جاندار آواز میں نہایت عقیدت و محبت سے پیش کیا۔
آمد سلطان العاشقین ہے
ولادت سلطان العاشقین ہے
دورانِ منقبت مریدین کا جو ش و جذبہ قابل دید تھا۔ پنڈال جشن ِ ولات سلطان العاشقین زندہ باد اور فقر کا مرکز سلطان العاشقین۔۔۔ کے فلک شگاف نعروں سے گونج رہا تھا۔
مولانا محمد اسلم سروری قادری نے ایک خوبصورت اور جامع بیان حاضرین کے سامنے پیش کیا جس میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی بطور مرشد کامل اکمل مسند تلقین و ارشاد پر فائز ہونے اور فقر کا پیغام دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے کی جانے والی کاوشوں اور جدوجہد کو بڑی خوبصورتی سے بیان کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ چاہے سوشل میڈیا ہو یا ڈیجیٹل پروڈکشن، ویب سائٹس ڈویلپمنٹ ونگ ہو یا ویب سائٹ پروموشن ونگ‘ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا فقر کو عام کرنے کے لیے جدید وسائل کا استعمال اپنی مثال آپ ہے۔مزید یہ کہ طالبانِ مولیٰ کی ظاہری و باطنی رہنمائی کے لیے
سلطان الفقر پبلیکیشنز کے شعبہ کے تحت شائع کردہ کتب و رسائل کا کوئی ثانی نہیں۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے فیض ِ فقر کی کوئی حد نہیں بیرون ممالک سے بھی طالبانِ مولیٰ آن لائن بیعت کے ذریعے ذکرو تصور اسم اللہ ذات، مشق مرقومِ وجودیہ اور سلطان الاذکار ھو بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
ایک خوبصورت اور جامع یبان کے بعد عطاء الوھاب سروری قادری نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی شانِ اقدس میں اپنے قلم سے تحریر کردہ منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ جس کے بعد محمد فاروق ضیا سروری قادری نے اختتامی دعا کروائی۔
انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے یومِ ولادت کی خوشی میں ایک خوبصورت کیک کا اہتمام بھی کیا تھا۔آپ مدظلہ الاقدس نے دعا کے بعد اپنے دست ِ مبارک سے کیک کاٹا اور نہ صرف خود کیک تناول فرمایا بلکہ اپنے دست ِ اقدس سے ہی اپنے تینوں خلفا اور منتظم ِاعلیٰ کو بھی کھلایا۔
نوٹ:یہ نیوز شعبہ اطلاعات و نشریات کی جانب سے شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کے تعاون سے شائع کی گئی ہیں۔

Click to rate this post!
[Total: 0 Average: 0]

41 تبصرے “تحریک دعوتِ فقر نیوز |Tehreek Dawat e Faqr News

اپنا تبصرہ بھیجیں