سال 2019ء اور تحریک دعوتِ فقر کی کامیابیوں کی ایک جھلک | TDF-2019


سال 2019ء اور تحریک دعوتِ فقر  کی کامیابیوں کی ایک جھلک

تحریر: وقار احمد سروری قادری۔ لاہور

وَلْتَکُمْ مِّنْکُمْ اُمَّۃٌ یَّدْعُوْنَ اِلَی الْخَیْرِ وَیَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَیَنْھَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ ط وَاُولٰٓئِکَ ھُمُ الْمُفْلِحُوْنَ۔(آل عمران ۔ 104)
ترجمہ: اور تم میں سے ایک جماعت ایسی ہونی چاہیے جو لوگوں کو (اللہ تعالیٰ کی) معرفت کا حکم دے اور برائی سے روکے اور وہی لوگ فلاح پانے والے ہیں۔
تحریک دعوتِ فقر (رجسٹرڈ) دورِ حاضر کی وہ واحد جماعت ہے جو اللہ ربّ العزت کے مندرجہ بالا فرمانِ عالیشان پر پورا اُترتی ہے۔ اللہ کی اس جماعت کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کے سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور اکتیسویں شیخِ کامل ہیں۔آپ مدظلہ الاقدس نے فقرِمحمدیؐ کی تعلیمات کو عام کرنے اور امتِ محمدیہ کو روحانی پاکیزگی کی طرف بلا کر ان کا تعلق باللہ مضبوط کرنے کے لئے تحریک دعوتِ فقر کا آغازفرمایا ۔سال 2019ء میں تحریک دعوتِ فقرکو قائم ہوئے دس سال مکمل ہو گئے۔ اللہ کی اس جماعت کی کامیابیوں کی فہرست قارئین کی خدمت میں پیش کرنے کے ساتھ ساتھ جماعت کا مختصر تعارف، قیام کے اغراض و مقاصد اور دس سالہ کاوشوں کا ایک طائرانہ جائزہ پیش کیا جا رہا ہے۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے 26دسمبر 2003ء کو اپنے مرشد سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ کے وصال کے بعد مسند ِ تلقین و ارشاد سنبھالی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس ایک علمی، ادبی اور تخلیقی شخصیت کے مالک ہیں۔ تعلیماتِ باھو اور فقرِمحمدیؐ کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کے لئے آپ مدظلہ الاقدس نے ابتدائی طور پر ’’حقیقت اسمِ  اللہ ذات‘‘ اور ’’مرشد کامل اکمل‘‘ جیسی کتب تصنیف فرما کر سینکڑوں کی تعداد میں فی سبیل اللہ تقسیم فرمائیں اور طالبانِ مولیٰ کی تربیت کے لئے بہت سے مضامین تحریر فرمائے۔ آپ مدظلہ الاقدس حضرت سخی سلطان باھوؒ کی تعلیماتِ فقر کو محض کتب اور مسودات تک ہی محدود نہیں رکھنا چاہتے تھے لہٰذا آپ مدظلہ الاقدس نے ان تعلیمات کو کتب کی دنیا سے نکال کر الیکٹرانک کتب (e-books)، الیکٹرانک میگزین (e-magazine)، سماجی رابطے کے ذرائع یعنی social media پر لا تعداد pages اور بلاگز blogs کے ذریعے عوام الناس تک پہنچانے کا انقلابی قدم اٹھایا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے فقر کے فیض کو کسی ایک ذریعہ ابلاغ تک محدود نہیں رکھا بلکہ دورِ حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق ہر ذریعہ ابلاغ کو بروئے کار لا کر دنیا بھر میں عام فرما دیا ہے۔ ان تمام تر کاوشوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایک ایسے پلیٹ فارم کی ضرورت تھی جہاں سے منظم اور مربوط انداز میں فقر کا پیغام دنیا میں پھیل سکے۔ لہٰذا آپ مدظلہ الاقدس نے 23اکتوبر 2009ء بمطابق 3۔ ذیقعد 1430ھ ’’تحریک دعوتِ فقر‘‘ کی بنیاد رکھی۔ تحریک دعوتِ فقرایک غیر سیاسی اور غیر سرکاری جماعت ہے جس کا نظام مشاورت کے تحت چلایا جاتا ہے۔ تحریک دعوتِ فقر کے بانی و سرپرست ِ اعلیٰ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے اس جماعت کا سنگ ِ بنیاد اس منشور کے تحت رکھا اوراس جماعت کے قیام کے اغراض و مقاصد، قواعد و ضوابط اور دستورانتہائی تفصیل سے وضع فرمائے :
1.تحریک دعوتِ فقر تمام مسلمانوں کو ’’متحد ہو کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور آپس میں تفرقہ نہ ڈالو‘‘ کی دعوت دیتی ہے اور وہ رسی اسم ِ اللہ ذات ہے۔
2.’’فقر‘‘ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا حقیقی ورثہ ہے۔ مسلمانوں کو اسی ورثہ کو حاصل کرنے کی دعوت دینا ہی تحریک کا منشور ہے۔
3.فقر کے حصول کے لئے تصور اسمِ اللہ ذات اور ذکر ِ یَاھُو کی دعوت دینا کیونکہ سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کے قول کے مطابق اسی سے فقر یعنی دیدارِ الٰہی اور مجلسِ  محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی حضوری حاصل ہوتی ہے اورایک مسلمان مومن بن کر مرتبہ ٔ احسان پر فائز ہوتا ہے۔
4.لوگوں کو فَفِرُّوٓ اِلَی اللّٰہ (ترجمہ: دوڑو اللہ کی طرف) یعنی دوڑو اسمِ اللہ ذات کی طرف کی دعوت دینا۔
5.رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی تعلیماتِ حقانیہ پر صدقِ دل سے عمل کرنا۔
6.غور و فکر یعنی تفکر کی دعوت دینا۔
7.بلا تفریق آپس میں محبت کو فروغ دینا اور دنیا سے نفرت کو ختم کرنا۔
تحریک دعوتِ فقرکے دستور کے تحت ایک مجلسِ شوریٰ اور ایک جنرل کونسل قائم کی گئی ہے۔ تحریک کے مرکزی سربراہ یعنی منتظمِ  اعلیٰ کا تقرر بذریعہ انتخابات کیا جاتا ہے۔ اسی طرح صدر، نائب صدر، سیکرٹری جنرل، جوائنٹ سیکرٹری اور تحریک کے ترجمان کی تقرریاں بھی انتخابات کے ذریعے کی جاتی ہیں۔ جماعت کے انتظامی معاملات کو بہتر طریقے سے چلانے کے لئے ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جماعت کا نعرہ ’ففرو الی اللہ ، دوڑو اللہ کی طرف‘ ہے۔ تعلیماتِ فقر کو عوام الناس تک پہنچانے کے لئے تحریک کے دستورکے مطابق مختلف شعبہ جات اور ان کے ذیلی شعبہ جات کا قیام عمل میں آیاجو تعلیماتِ باھواور فقرِ محمدیؐ کو پھیلانے میں دن رات کوشاں ہیں۔ ان شعبہ جات کا تعارف ذیل میں تحریر کیا جا رہا ہے:

ا۔ خانقاہ سروری قادری
اسلام کی سب سے پہلی خانقاہ مسجد ِ نبویؐ سے ملحق صفّہ کا وہ چبوترہ تھا جہاں بنی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اصحابِ صفہ کی تربیت اور تزکیۂ نفس فرماتے تھے۔ صوفیا کرام نے ہر دور میں اس سنت کو زندہ رکھا ہے۔ سلطان باھوؒ کے حقیقی و روحانی وارث سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے بھی طالبانِ مولیٰ کی ظاہری و باطنی تربیت، تزکیۂ نفس، تصفیہ ٔ قلب اور تجلیہ ٔ روح فرمانے کے لئے23اکتوبر 2009ء کو اپنے مرشد سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی ؒکے عرس کے موقع پر 4/A ایکسٹینشن ایجوکیشن ٹاؤن وحدت روڈ لاہور میں خانقاہ سروری قادری کی بنیاد رکھی۔ تحریک دعوتِ فقر کا مرکزی د فتر اور تمام شعبہ جات کے دفاتر اسی خانقاہ میں موجود ہیں۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیرِ صدارت و زیر ِ سرپرستی تحریک دعوتِ فقرکی تمام چھوٹی بڑی محافل اور تقریبات بھی اسی خانقاہ میں منعقد ہوتی ہیں۔ سینکڑوں طالبانِ مولیٰ ظاہری و باطنی تربیت اور تزکیۂ نفس کے لئے خانقاہ سروری قادری کا رُخ کرتے ہیں۔ بہت سے مریدین عارضی رہائش اختیار کرتے ہیں جبکہ کچھ طالبانِ مولیٰ مستقل طور پر اپنے آپ کو اللہ کے دین کے لئے وقف کر چکے ہیں اورخانقاہ سروری قادری میں مستقل رہائش پذیر ہیں۔ مریدین کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث کچھ ہی عرصہ میں یہ خانقاہ چھوٹی محسوس ہونے لگی اس لئے خانقاہ کی توسیع کی گئی۔ توسیع کے بعد خانقاہ کا موجودہ پتہ 4-5/Aایکسٹینشن ایجوکیشن ٹاؤن وحدت روڈ لاہور ہے۔

۲۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے مسند ِ تلقین و ارشاد سنبھالتے ہی قلمی و تخلیقی سر گرمیوں کا آغاز کر دیا تھا۔ اگست2006ء میں سلطان الفقر پبلیکیشنز اور ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کی بنیاد رکھی گئی۔سلطان باھوؒ کی فارسی کتب کا اردو اور انگریزی ترجمہ، سیدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانیؓ کی کتب کا اردو ترجمہ، سید الشہدا حضرت امام حسینؓ کی نادر تصنیف مرآۃ العارفین کا اردو ترجمہ اور جامع شرح اس شعبہ کے اہم کارناموں میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس شعبہ کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی مایہ ناز تصانیف اور ان کے انگریزی تراجم شائع کرنے کا شرف بھی حاصل ہے۔اسمِ اللہ ذات اور اسمِ محمدؐ کی پرنٹنگ، بیجز، پوسٹرز اور دیگر مطبوعہ اشیاء کی تیاری بھی اسی شعبہ کی ذمہ داری ہے۔ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور دنیا میں فقر کا واحد ترجمان ہونے کی بنا پر عوام الناس میں بے پناہ مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔سال 2019ء میں ماہنامہ سلطان الفقر نے کامیاب اشاعت کے تیرہ (13)سال مکمل کر لیے۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز تا حال ایک سو (100)کے قریب کتب شائع کر چکا ہے۔ اس شعبے نے فروری 2019ء میں تینتیسویں بین الاقوامی کتاب میلہ میں بک سٹال لگایا اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے سلطان الفقر پبلیکیشنز کو بین الاقوامی سطح پر نمائش کے لئے پیش کیا۔ نومبر 2019ء میں اقبال اکادمی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے نو روزہ کتاب میلہ میں بھی سلطان الفقر پبلیکیشنز نے کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے۔ ملکی و غیر ملکی مداحوں نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب میں خوب دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ ملک کی نامور سیاسی ، سماجی اور عسکری شخصیات نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کے بک سٹال کا دورہ کیا جنہیں اعزازی طور پر کتب حقیقتِ اسم اللہ ذات، مرشد کامل اکمل، فقرِ اقبالؒ، سلطان العاشقین اور ماہنامہ سلطان الفقر سے نوازا گیا۔ مندرجہ بالا بک سٹالزکے علاوہ بھی سلطان الفقر پبلیکیشنز نے ملک بھر میں منعقد ہونے والے مختلف کتاب میلوں میں بھی شرکت کی اور بک سٹال لگائے۔

۳۔ شعبہ اطلاعات و نشریات
یہ تحریک دعوتِ فقر کا انتہائی اہم ادارہ ہے جس کا مقصدتمام دستیاب ذرائع اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام الناس کو فقر وتصوف کا پیغام دینا اور تحریکی سرگرمیوں سے باخبر رکھنا ہے۔ تحریک دعوتِ فقر کا ترجمان اس ادارے کا نگرانِ اعلیٰ ہے۔ دنیا بھر سے تحریکی سرگرمیوں کی خبریں اکٹھی کرنا اور مختلف ذرائع ابلاغ پر شائع و نشر کرنا اس ادارے کی ذمہ داری ہے۔ خبروں کی بروقت ترسیل کے لئے ہر شعبہ کے علاوہ ملک بھرکے علاقائی دفاتر میں بھی رپورٹرز کا ایک وسیع نیٹ ورک موجود ہے جو مرکز کو ہر چھوٹی بڑی خبر سے مطلع کرتے ہیں۔ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور میں تحریکی سر گرمیوں کا سلسلہ شروع ہی سے جاری رہا ہے۔ فروری 2019ء میں باقاعدہ تحریک دعوتِ نیوز کے نام سے تحریکی خبریں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور میں شامل کی جانے لگیں۔ قارئین کی بے حد پذیرائی کے بعد اپریل 2019ء سے شعبہ اطلاعات و نشریات نے سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر خبروں کو باقاعدہ نشر کرنے کا سلسلہ شروع کیا جو کہ شعبہ ملٹی میڈیا اینڈ ڈیزائن ڈویلپمنٹ کے تعاون سے تحریک دعوتِ فقر کے تمام ویب ٹی وی، سوشل میڈیا ٹی وی چینلز ، یوٹیوب اور ڈیلی موشن چینلز پر نشر کی جارہی ہیں۔ پرنٹ، سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر خبروں کی کامیاب نشرو اشاعت کے بعد شعبہ نے بین الاقوامی مریدین اور عقیدتمندوں کے لئے انگریزی زبان میں جبکہ اُردو قارئین کے لئے اُردو زبان میں تحریکی خبروں کی دو ویب سائٹس بھی لانچ (Launch) کر دی ہیں۔ شعبہ اطلاعات و نشریات مستقبل میں کئی ایسے منصوبوں پر کام کرنے کی پالیسیاں ترتیب دے چکا ہے جو تحریک دعوتِ فقراور تعلیماتِ باھوؒ کو ترقی اور عروج کی نئی جہت میں لے جائیں گی۔

۴۔ شعبہ دعوت و تبلیغ
سلطان باھوؒ نے اپنی تمام زندگی شہر شہر، قریہ قریہ گھوم کر فقر کی تعلیمات کو پھیلایا۔ اسی امر کے پیشِ نظرابتدا میں بیان کی گئی آیتِ قرآنی یَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَیَنْھَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ ط وَاُولٰٓئِکَ ھُمُ الْمُفْلِحُوْنَ  کی روشنی میں تحریک دعوتِ فقر کا شعبہ دعوت و تبلیغ قائم کیا گیا جو تمام دستیاب ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے فقرِمحمدیؐ اور تعلیماتِ باھوؒکو عام کر رہا ہے۔ شعبہ دعوت و تبلیغ کے ممبران پورا سال ملک کے مختلف علاقوں میں تبلیغی دوروں میں مصروف رہتے ہیں اور اللہ ربّ العزت کے فرمان کے مطابق عوام الناس کو راہِ فقر اختیار کرکے معرفتِ الٰہی کی عظیم نعمت حاصل کرنے اورذکر وتصور اسم اللہ ذات کے ذریعے تزکیہ ٔ نفس کی دعوت دیتے ہیں۔ خانقاہ سروری قادری میں آنے والے مریدین اور عقیدتمندوں کی تربیت اسی شعبہ کے ذمہ ہے۔ اسی زمرے میں تربیتی کورس مرتب کئے گئے ہیں اور باقاعدہ صبح و شام کلاسز کا انعقاد ہوتا ہے۔ اس شعبہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اب تک تربیت کے ذریعے سینکڑوں داعی حضرات تیار کر چکا ہے جو اپنے اپنے علاقہ میں دعوت و تبلیغ کا کام بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔

۵۔ ملٹی میڈیا اینڈ ڈیزائن ڈویلپمنٹ MMDD
جیسا کہ نام سے ظاہر ہے اس شعبہ کی ذمہ داری تعلیماتِ فقر کو ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا کے ہر خاص و عام تک پہنچانا ہے۔ اس شعبہ کو چارذیلی شعبہ جات میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر ایک ذیلی شعبہ میں نگرانِ اعلیٰ اور نائب نگران مقرر کئے گئے ہیں جو اپنے اپنے شعبہ کی کارکردگی کو معیاری اور بہتر بنانے کے لئے ہر دم کوشاں ہیں:
(i سلطان الفقر ڈیجیٹل پرڈکشن
(ii ویب سائٹ ڈویلپمنٹ ونگ
(iii سوشل میڈیا ونگ
(iv ویب سائٹ پروموشن ونگ

(i سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن:
یہ شعبہ حضرت سخی سلطان باھوؒ کے حقیقی و روحانی وارث سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی زیرِ صدارت وزیرِ سرپرستی منعقد ہونے والی تحریک دعوتِ فقر کی محافل، تقریبات اور اہم اجلاسوں کی تصاویر اور ویڈیو تیار کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ذکر و تصور اسم اللہ ذات کے فیض کو عام کرنے کے لئے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے تبلیغی دوروں کی کوریج (coverage) ، آڈیو اور ویڈیو کلام جن میں حمد، نعت، منقبتیں، ابیاتِ باھو، کلام مشائخ سروری قادری شامل ہیں‘ سب اسی شعبہ کے تحت ریکارڈ اور محفوظ کی جاتی ہیں۔ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن اس آڈیو ویڈیو مواد کو تحریک دعوتِ فقر کے 3 یوٹیوب چینلز اور 3ڈیلی موشن چینلز پر نشر کرنے کے ساتھ ساتھ شعبہ ویب سائٹ ڈویلپمنٹ ونگ اورسوشل میڈیا ونگ کو بھی فراہم کرتا ہے تاکہ یہ شعبہ جات متعلقہ ذرائع ابلاغ کو استعمال میں لاتے ہوئے پیغامِ فقر کو پھیلا سکیں۔

(ii ویب سائٹ ڈویلپمنٹ ونگ
تحریک دعوتِ فقر کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کے لئے ویب سائٹس کی تیاری، ان کو ہر وقت فعال رکھنا اور ان کی نگرانی شعبہ ویب سائٹ ڈویلپمنٹ ونگ کے ذمہ ہے۔ ویب سائٹ ڈویلپمنٹ ونگ کی زیر ِ نگرانی اب تک34ویب سائٹس تیار کی جا چکی ہیں جن میں سلطان باھوؒ کی مکمل حیات و تعلیمات، شش سلطان الفقر ہستیوں کی سوانح حیات اور سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور سلطان باھوؒ کے حقیقی و روحانی وارث سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی فقرِمحمدیؐ کے فروغ کے لئے اب تک کی تمام کاوشوں کا تفصیلی ذکر ہے۔ ان ویب سائٹس پر سلطان الفقر پبلیکیشنز کی تمام کتب اور ماہنامہ سلطان الفقرلاہور کے تازہ و گزشتہ شمارے Online مطالعہ کے لئے موجود ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ ان ویب سائٹس پر صارفین کو تمام کتب اور ماہنامہ بلامعاوضہ ڈاؤ ن لوڈ کرنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔ یہ تمام ویب سائٹس بین الاقوامی معیار کے مطابق انتہائی سادہ اور آسان فہم بنائی گئی ہیں۔ ان تمام 34ویب سائٹس میں سے 7 اردو جبکہ 27انگریزی زبان میں ہیں۔
اس کے علاوہ اس شعبہ نے درج ذیل چار ویب ٹی وی بھی تیار کئے ہیں:
tehreekdawatefaqr.tv
//sultanulfaqr.tv
//sultan-ul-ashiqeen.tv
//sultan-bahoo.tv
//sultan-ul-faqr-digital-productions.com
ان ٹی وی چینلز پر سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کامہیا کردہ آڈیو ویڈیو مواد طالبانِ مولیٰ کی راہنمائی کے لیے موجود ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ tune.pk پربھی Sultan Bahoo TV بنایا گیا ہے۔
شعبہ ویب سائٹ ڈویلپمنٹ ونگ نے مارچ 2019ء میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کے لئے Google App Store کی Android Applicationڈویلپ کرکے ایک اور اہم کامیابی اپنے نام کی۔ ابتدائی طور پر اس Applicationپر ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے تازہ شماروں کے ساتھ ساتھ گزشتہ تین سال کے شمارے بھی قارئین کے لئے دستیاب ہیں۔ قارئین اس application کی بدولت ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارہ جات بآسانی پڑھ سکتے ہیں اور downloadبھی کر سکتے ہیں۔ بہت جلد سلطان الفقر پبلیکیشنز کی تمام انگریزی اور اردو کتب بھی اس application پر دستیاب ہو جائیں گی۔ 

(iii سوشل میڈیا ونگ
گزشتہ ایک دہائی میں سماجی رابطے کے ذرائع یعنی سوشل میڈیا بالخصوص Facebook کو بہت عروج اور مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا نہ صرف سماجی رابطے کے لئے استعمال ہو رہاہے بلکہ عوام الناس خاص طور پر نوجوان نسل میں آگاہی اور شعور پیدا کرنے کا سب سے اہم اور مؤثر ذریعہ بھی بن چکا ہے۔ ہماری زندگیوں میں سوشل میڈیا کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے باعث تحریک دعوتِ فقر کا سوشل میڈیا ونگ بھی تمام social forums کوبروئے کار لاتے ہوئے فقر کی تعلیمات کو ہر خاص و عام تک پہنچا رہا ہے۔ Facebook پرتحریک دعوتِ فقر کے اَسی (80) پیجز کام کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھPinterest,  twitter , tumblr, Reddit, Linkedin, اور دیگر سوشل فورمز پر بھی دن رات اردو اور انگریزی زبان میں فقر کی تعلیمات خوبصورت اور دیدہ زیب پوسٹس (posts)کی صورت میں عام کی جا رہی ہیں۔ سوشل میڈیا ونگ کی سال 2019ء کی اہم ترین کامیابیوں میں سے قابل ِ ذکر بات یہ ہے کہ فیس بک پر انتہائی مؤثر کارکردگی کے ساتھ ساتھ twitterاور pintrestپر بھی official  پیجیز انتہائی کامیابی سے تخلیق کئے گئے۔ ان تمام پیجز پر فقر محمدیؐ کا پیغام دن رات عام کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا فورمز پر بھی ٹی وی چینلز بنائے گئے ہیں جن میں تین فیس بک ٹی وی، تین ٹویٹر ٹی وی اور تین انسٹا گرام ٹی وی شامل ہیں۔ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کے تعاون سے آڈیو ویڈیو مواد ان تمام ٹی وی چینلز پر اپ لوڈ کیا جاتا ہے۔

(iv ویب سائٹ پروموشن ونگ
یہ تحریک دعوتِ فقر کا انتہائی اہم شعبہ ہے جو کہ ویب سائٹ ڈویلپمنٹ ونگ کا معاون شعبہ ہے۔ اسکی ذمہ داری تحریک دعوتِ فقر کی تمام ویب سائٹس کی پروموشن اور انکی ranking بڑھانا ہے تاکہ فقر کا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک بآسانی پہنچ سکے۔

۶۔ شعبہ سیکورٹی
خانقاہ سروری قادری اور سلطان العاشقین ہاؤس کی دن رات نگرانی اور کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے شعبہ سیکورٹی قائم گیا ہے۔ یہ شعبہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی ذاتی نگرانی کے فرائض بھی سر انجام دیتا ہے۔ تحریک دعوتِ فقر کی محافل میں آنے والے ہزاروں مریدین اور عقیدتمندوں کی سیکورٹی کے معاملات بھی اسی شعبہ کی ذمہ داری ہیں۔

۷۔ شعبہ لنگر اور قیام و طعام
صوفیا کرام کی خانقاہوں میں آنے والے مریدین، عقیدتمندوں اور مہمانوں کی مہمان نوازی اور ان کے قیام و طعام کی روایت ہمیشہ سے چلی آ رہی ہے۔ خانقاہ سروری قادری میں تشریف لانے والے یا مستقل قیام پذیر طالبانِ مولیٰ کو بہترین لنگر اور ان کے قیام و طعام کی ضروریات پوری کرنا اس شعبہ کی ذمہ داری ہے۔ علاوہ ازیں محافل اور تقریبات پر لنگر کی تیاری اور تقسیم بھی اسی شعبہ کی ذمہ داری ہے۔ سال 2019ء میں منعقد ہونے والی تمام چھوٹی بڑی محافل جن میں محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ منتقلی امانتِ الٰہیہ، محفل ذکر ِحسین رضی اللہ عنہٗ، محفل یومِ تاسیس، محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اوربڑی گیارھویں شریف کی محفل کے علاوہ دیگر محافل میں آنے والے ہزاروں مریدین کے لنگر کا شاندار اہتمام اسی شعبہ کے تحت کیا گیا۔ سال 2019ء میں شعبہ لنگر نے نہ صرف اپنی افرادی قوت میں اضافہ کیا بلکہ شعبہ کو خود مختار بنانے کے لئے لنگر پکوائی کا ضروری سامان بھی خریدا۔

۸۔ علاقائی دفاتر
سلطان باھوؒ کی تعلیمات کے علمبردار، حقیقی و روحانی وارث حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے ملک بھر میں مریدین اور عقیدتمندوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد اور تحریکی سرگرمیوں کو بہترین طریقے سے چلانے کے لئے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تحریک دعوتِ فقر کی علاقائی جماعتیں تشکیل دیں۔ مرکزی جماعت کی انتظامی ترتیب کی طرح علاقائی جماعتوں میں بھی سربراہ، جنرل سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری، ترجمان اور علاقائی فنڈز جمع کرنے کے لئے خزانچی کے عہدے وضع کئے گئے۔ علاقائی جماعتوں کی سرگرمیوں کو منظم طریقے سے چلانے کے لئے علاقائی دفاتر بھی بنائے گئے ہیں جن میں سے بیشتر کا افتتاح سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تبلیغی دوروں کے دوران اپنے دستِ اقدس سے فرمایا۔ علاقائی دفاتر اپنے اپنے علاقہ اور گرد و نواح میں تعلیماتِ فقر کو عام کرنے میں مرکز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان دفاتر  میں ہفتہ وار اور ماہانہ درس و تدریس کی محافل اور تقریبات کی بدولت ذکر و تصور اسم اللہ ذات کا پیغام گھر گھر پہنچا رہے ہیں۔

۹۔ بین الاقوامی مریدین
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے جس طریقے سے فقر ِ محمدیؐ اور تعلیماتِ باھوؒ کو عام کیا ہے اسکی مثال رہتی دنیا تک قائم رہے گی۔ آن لائن بیعت کا سلسلہ شروع کرنے سے آپ مدظلہ الاقدس کے کامل تصرف کا بخوبی اندازہ ہو جاتا ہے۔ اس سے قبل سلسلہ سروری قادری میں شامل ہو کر راہِ فقر اختیار کرنے کے لئے طالب ِ مولیٰ کو کم از کم ایک مرتبہ مرشد کی بارگاہ میں حاضر ہو کر مرشد کے دست ِ اقدس پر بیعت ہونا ضروری تھا۔ آن لائن بیعت کی سہولت کے ذریعے طالبانِ مولیٰ اب ظاہری طور پر مرشد کی بارگاہ میں حاضر ہونے کی پابندی سے بھی آزاد ہو گئے ہیں۔ تاحال ہزاروں مرد و خواتین آن لائن بیعت کے ذریعے سلسلہ سروری قادری میں شامل ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر سے سینکڑوں غیر مسلم مرد و خواتین آن لائن بیعت کی سہولت کے توسط سے آپ مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت ہوکر دائرہ اسلام میں داخل ہو چکے ہیں۔ بے شک یہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ہی کا تصرف ہے جو لاکھوں میل دور سات سمندر پار مریدین کو بھی باطنی فیض عطا فرما رہے ہیں۔ آن لائن بیعت کی سہولت تحریک دعوتِ فقر کی تمام ویب سائٹس پر موجود ہے۔
قارئین کرام! تحریک دعوتِ فقر کے تمام تر شعبہ جات دن رات دین اسلام کی حقیقی روح یعنی فقر محمدیؐ کو عام کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ ان خدمات کا ایک مختصراً جائزہ آپ کی خدمت میں پیش کیا گیا۔ یقینا کسی بھی شعبہ کی تمام تر کاوشیں بیان کرنا ناگزیر ہے۔ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے اس پیغام کے ساتھ ہی بات اختتام کرنا چاہوں گا:
تحریک دعوت ِ فقر کے قیام کا مقصد ہی لوگوں کو فقر کی دعوت دینا ہے تاکہ اسمِ اللہ ذات کے ذکر و تصور سے راہِ فقر پر چل کر معرفتِ الٰہی حاصل کریں کیونکہ
اللہ تعالیٰ کے دیدار اور معرفت ِالٰہی کے فریضہ کی ادائیگی کے لئے
حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی مجلس کی حضوری اور ان سے بلا واسطہ فیض حاصل کرنے کے لئے
تزکیہ نفس کے لئے
تصفیہ  قلب کے لئے
تجلیہ  روح کے لئے
روحانی پاکیزگی اور ظاہری و باطنی درستی کے لئے
دنیا و آخرت میں اللہ کے ہاں کامیابی کے لئے
عبادات میں قلب کی حضوری کے لئے
اللہ کے سوا غیر کی محتاجی سے نجات کے لئے
مقصد ِ حیات میں کامیابی کے لئے
سلطان الاذکار ھُو ، تصور اسمِ اللہ ذات اور تصور اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ضروری ہے اور اس کے لئے راہِ فقر اختیار کرنا ناگزیر ہے۔آئیں تحریک دعوتِ فقر میں شامل ہو کرراہِ فقر اختیار کریں اور ذکر یَاھُو اور تصور اسمِ اللہ ذات سے فقر کی منازل تک رسائی کی جدوجہد کریں۔

Click to rate this post!
[Total: 0 Average: 0]

36 تبصرے “سال 2019ء اور تحریک دعوتِ فقر کی کامیابیوں کی ایک جھلک | TDF-2019

  1. اللہ پاک تحریک دعوت فقر کو ہمیشہ کامیابی سے ہمکنار کرے اور برکت عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں