عرس مبارک سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُوؒ . منعقدہ :10 فروری 2019ء بروز اتوار
(رپورٹ: احسن علی سروری قادری۔ مینیجنگ ایڈیٹر ماہنامہ سلطان الفقر لاہور)
سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کے عرس مبارک کی تقریب 10 فروری 2019ء بروز اتوار خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیرِ صدارت منعقد کی گئی۔ اس تقریبِ سعید میں پاکستان کے مختلف شہروں سے مریدین اور عقیدتمندوں نے شرکت کی۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں آمد پر پُرجوش استقبال کیا گیا۔ مسندِ صدارت پر جلوہ افروز ہونے کے بعد محفل کا باقاعدہ آغاز کیا گیا جس میں نقابت کے فرائض ملک محمدنعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے انجام دئیے۔ دورانِ محفل مریدین اور عقیدتمندوں نے فرداً فرداً حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی دست بوسی کا شرف حاصل کیا۔
* ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے حمد و ثنا سے نقابت کا آغاز کرتے ہوئے سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کا تعارف کروایا۔
* تلاوت کی سعادت مولانا محمد اسلم سروری قادری نے حاصل کی۔
* حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہِ ناز میں ہدیہ نعت کا نذرانہ ساجد علی سروری قادری نے نہایت محبت و عقیدت سے پیش کیا۔
اسی بے خودی میں کہیں کھو نہ جاؤں
تڑپ کملی والے کی تڑپا رہی ہے
* اس کے بعد محسن رضا سلطانی نے سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کی بارگاہ میں منقبت کا نذرانہ پیش کیا:
میرے سوہنے سائیں حق باھُوؒ
سدا ہے تیری اللہ ھُو
اس خوبصورت منقبت نے دلوں میں سرور بھر دیا اور حاضرین نے محسن رضا سلطانی کو خوب داد دی۔
* منقبت کے بعد ملک محمد نعیم عباس کھوکھر نے مولانا محمد اسلم سرور ی قادری کو دعوت دی تاکہ وہ حضرت سخی سلطان باھُوؒ کی حیاتِ مبارکہ پر ایک جامع بیان حاضرین کے گوش گزار کریں۔
* مولانا محمد اسلم سروری قادری نے بہت خوبصورت انداز میں سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کی ولادت، حیاتِ مبارکہ، بلند مقام و مرتبہ اور ظاہری و باطنی بیعت پر بیان کیا اور اس کے ساتھ انہوں نے حضرت سخی سلطان باھُوؒ کی تعلیمات اور سلسلہ قادری کے جاری فیض کے بارے میں حاضرین کو بتایا۔
* محمد رمضان باھُو نے ابیاتِ باھُو کا نذرانہ پیش کیا۔
* مولانا محمد اسلم سروری قادری نے ختم شریف پڑھنے کی سعادت حاصل کی اور دعا کروائی۔
* آخر میں ساجد علی سروری قادری اور محسن رضا سلطانی نے آقا پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔
* ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے 21 مارچ کو منعقد ہونے والی محفل میلادِ مصطفی بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں بھرپور شرکت کی حاضرین کودعوت دی۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی غلامی کا طوق گلے میں ڈالنے کو بیتاب افراد نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت کی سعادت حاصل کی اور مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے بیعت کے بعد انہیں اسم اللہ ذات عطا فرمایا جس کا ذکر اور تصور معرفت و قربِ الٰہی کے لیے بہت ضروری ہے۔
سلطان العاشقین نے رخصت ہونے سے قبل تمام حاضرین اور مریدین سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور سب کے لیے دعائے خیر فرمائی۔
تمام مہمانوں اور مریدین کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا لنگر پاک تقسیم کیا گیا۔ اس طرح یہ پُرنور روحانی محفل اختتام پذیر ہوئی۔